فرانس: ٹرین حادثے میں چھ افراد ہلاک، بیس زخمی

جنوبی فرانس میں ٹرین کے حادثے میں چھ افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے ہیں۔
مختلف شہروں کے درمیان چلنے والی یہ ٹرین دارالحکومت پیرس سے لموغ کی جانب روانہ تھی جب وہ پٹری سے اتر گئی اور قریبی سٹیشن کے پیلٹ فارم سے جا ٹکرائی۔
کئی مسافر ٹرین کی بوگیوں میں ہی پھنس گئے تھے۔
فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے حادثے کی جگہ کا دورہ کیا اور اس واقعہ پر اپنے غم کا اظہار کیا۔
صدر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد خیال کیا جا رہا تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہے۔
بی بی سی کے پیرس میں نامہ نگار ہیو سکوفیلڈ کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے کیونکہ زخمی ہونے والے چند افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
فرانسیسی صدر نے اس موقعے پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بتایا کہ سٹیشن تین روز کے لیے بند کر دیا جائے گا۔ اس دوران حادثے کی وجہ کے بارے میں تحقیقات کی جائیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹرین کمپنی ایس این سی ایف نے بتایا کہ اس ٹرین پر تین سو پچاسی مسافر سوار تھے اور اختتام ِ ہفتہ کی وجہ سے سٹیشن کا پلیٹ فارم بھی لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔
ٹرین پر سوار ایک مسافر برطانوی طالب علم مارون خاریم نے بی بی سی کو بتایا کہ ٹرین پڑی سے اترنے کے بعد چند لمحوں کے لیے اچھلی اور جا پیلٹ فارم سے ٹکرائی۔
انھوں نے بتایا کہ ’پہلی اور دوسری بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھیں اور افراتفری کا عالم تھا۔‘
انھوں نے بتایا کہ سٹیشن میں ہونے والے نقصان کی وجہ سے امداری کارکن پلیٹ فارم تک پہنچنے میں تاخیر کا شکار رہے۔
دیگر ذرائع ابلاغ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کچھ مسافروں کو بجلی کے جھٹکے لگے اور چند مسافر کچلے گئے۔
مقامی میئر کا کہنا ہے کہ سٹیشن پر چار بوگیاں تباہ شدہ پڑی ہیں۔
ٹرین کمپنی ایس این سی ایف کے صدر نے حادثے کو ایک آفت قرار دیا اور بتایا کہ ٹرین کی تیسری اور چوتھی بوگی پہلے پٹری سے اتری اور پھر دیگر بوگیاں بھی اتر گئیں۔







