ملکہ کی تصویر مسخ کرنے والا شخص گرفتار

لندن کے علاقے ویسٹ منسٹر ایبے میں ملکہ برطانیہ کی ایک پینٹنگ کو مسخ کرنے کے جرم میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ویسٹ منسٹر ایبے کی ایک ترجمان نے کہا کہ اس جرم کے مرتکب جنوبی یارک شائر کے 41 سالہ ٹم ہیرس کو ویسٹ منسٹر کے مجسٹریٹ کے سامنے جمعہ کو پیش کیا جائے گا۔
ہیرس ایک الیکٹریشن ہیں اور اس مجرمانہ حرکت پر انھیں پانچ ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
ویسٹ منسٹر ایبے میں لگی ملکہ برطانیہ کی آئل پینٹنگ کو آسٹریلوی نژاد مصور راف ہیمینز نے کینوس پر اتارا تھا۔ پینٹنگ مئی کے مہینے میں چیپٹر ہاؤس میں لگائی گئی تھی۔
تصویر کو ملکہ برطانیہ کی تاجپوشی کے ساٹھ سال مکمل ہونے کے موقعے پر بنایا گیا تھا تصویر میں ملکہ کو شاہی لباس میں دکھایا گيا ہے۔
اس پینٹنگ پر جمعرات کو ٹم ہیرس نے سپرے سے چہرہ بگاڑنے کی کوشش کی تھی۔ اس سے پہلے کہ پولیس اُنھیں اس حرکت سے روکتی ٹم ہیرس نے ملکہ کہ چہرے پر لفظ ’ہیلپ‘ یعنی مدد لکھ دیا۔
یہ واقعہ ایبے میں ملکہ الزبتھ دوئم کی تاجپوشی کی ساٹھویں سالگرہ کے جشن کے نو دنوں بعد پیش آیا ہے۔
ایبے کی ترجمان نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد چیپٹر ہاؤس کے سکیورٹی گارڈز نے اس شخص کو حراست میں لے لیا۔ جس کے بعد پولیس نے اس شخص کو پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تصویر کے مصور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مصور کو اس واقعے کا علم ہے۔لیکن انھوں نے اس پر مزید کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔







