لندن: پرنس فیلپ ہسپتال میں داخل

ملکہ الزبتھ دوئم کے شوہر ڈیوک آف ايڈنبرا نے ہسپتال میں رات گزاری ہے اور اب ان کے پیٹ کا آزمائشی آپریشن کیا جائے گا۔
ملکہ برطانیہ کے شوہر پرنس فیلپ پیر کو بانوے سال کے ہو جائیں گے اور انہیں جمعرات کو لندن کلینک میں داخل کیا گیا تھا جہاں توقع ہے کہ وہ دو ہفتوں تک زیرعلاج رہیں گے۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈیوک آف ايڈنبرا کو ہسپتال داخل کرانا پہلے سے طے تھا اور یہ کوئی ایمرجنسی نہیں ہے۔
ملکہ الزبتھ دوئم اپنی مصروفیات جاری رکھیں گی جس میں وسطی لندن میں نوتعمیر شدہ بی بی سی براڈکاسٹنگ ہاؤس کا باضابط افتتاح شامل ہے۔
ڈیوک آف ايڈنبرا جمعرات کو بکنگھم پیلس میں گارڈن پارٹی میں شرکت کے بعد ہسپتال داخل ہوئے اور اس پارٹی میں شریک مہمانوں کے مطابق پرنس فیلپ کسی بھی طور پر بیمار دکھائی نہیں دے رہے تھے۔
شاہی محل بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ڈیوک آف ايڈنبرا کے صحت میں بارے میں جب ضروری ہوا مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
اس سے پہلے گزشتہ ہفتے ڈیوک آف ايڈنبرا نے لندن کے ایک ہسپتال میں پیٹ کا طبی معائنہ کرایا تھا تاہم اس کے بارے میں اعلان نہیں کیا گیا تھا۔



