ملکہِ برطانیہ کا براڈ کاسٹنگ ہاؤس کا افتتاح

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ نے بی بی سی کے نئے براڈکاسٹنگ ہاؤس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے ۔ملکہ نے نئے براڈ کاسٹنگ ہاؤس کا دورہ بھی کیا۔
ملکہ کی آمد کے موقع پر بی بی سی ٹرسٹ کے چئیرمین لارڈ پیٹن اور بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹونی ہال نے اُن کا استقبال کیا۔
ملکہ نے اس موقع پر کہا کہ اس عمارت کے افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے وہ بےحد خوشی محسوس کر رہی ہیں۔
ملکہ برطانیہ بی بی سی کے براڈ کاسٹنگ ہاؤس کے دورے کے دوران یہ یادگار لمحہ تھا جب وہ خبریں پڑھتی ہوئی نیوزکاسٹر کے پیچھے پہنچیں تو ارد گرد کھڑے افراد نے اُن کے لیے تالیاں بجائیں۔
ملکہ نے معروف نیوز کاسٹرز سے ملاقات کی ۔اور لائیو براڈکاسٹ دیکھا ۔
ملکہ برطانیہ کے آنے سے قبل ہی لوگوں کی بڑی تعداد بی بی سی ہاؤس کے باہر اُن کی منتظر تھی۔ ملکہ الزبتھ نیلے رنگ کے لباس میں جلوہ گر ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں امید کرتی ہوں کہ یہ نئی عمارت مستقبل میں آپ کے لیے مددگار ثابت ہو گی اور میں اس کے افتتاح کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہی ہوں ‘

اس افتتاحی تقریب میں ڈیوک آف اڈنبرا، شہزادہ فلپ کی آمد بھی متوقع تھی تاہم انہیں جمعرات کو ایک آپریشن کے لیے ہسپتال داخل ہونا پڑا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اپنے دورے کے اختتام پر ملکہ برطانیہ نے عمارت میں لگائی گئی ایک تختی کی نقاب کشائی بھی کی جس پر آج کی افتتاحی تقریب کا ذکر ہے ۔ لارڈ پیٹن نے اس موقع پر شہزادہ فلپ کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤوں کا اظہار کیا اور کہا کہ ملکہ برطانیہ کو بی بی سی ہاؤس میں خوش آمدید کہنا ایک خاص اعزاز ہے ۔
ملکہ برطانیہ نے اس سے قبل بھی پانچ بار بی بی سی کے دفاتر کا دورہ کیا ہے تاہم اس وقت بی بی سی کے نئے دفتر کی تعمیر اور تزئین و آرائش کا منصوبہ ابھی شروع نہیں ہوا تھا۔
بی بی سی کے اس نئے براڈ کاسٹنگ ہاؤس سے نو ریڈیو نیٹ ورک، تین نیوز چینل کی نشریات ہوتی ہیں جبکہ بی بی سی کے تمام خبرنامے براڈ کاسٹنگ ہاؤس سے نشر ہوتے ہیں۔
بی بی سی براڈ کاسٹنگ ہاؤس میں ریڈیو ،ٹی وی ، نیوز اور آن لائن سروسز کے لیے کام کرنے والے چھ ہزار افراد کام کرتے ہیں ۔







