چین میں آتشزدگی سے ایک سو انیس افراد ہلاک

سو کے قریب کارکن آگ کی جگہ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں
،تصویر کا کیپشنسو کے قریب کارکن آگ کی جگہ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے صوبہ جیلین میں مرغیوں کے ایک مذبح خانے میں آگ لگنے سے ایک سو انیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

ملک کے سرکاری خبر رساں ایجنسی زنہوا کے مطابق صوبہ جیلین کے دیہیو علاقے میں مرغیوں کے ایک مذبح خانے میں پیر کو آگ لگی جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔

خبر رساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امدادی کارکن جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بجلی کے نظام میں تین دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔

سو کے قریب کارکن آگ کی جگہ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

زنہوا کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم ان کے زخموں کی نوعیت کا معلوم نہیں ہے۔

سرکاری ٹی وی سی سی ٹی وی کو مذبح خانے کے کارکنوں نے بتایا کہ شفٹ کی تبدیلی کے وقت آگ لگی۔

خبر رساں ادارے زنہوا کے مطابق ’عمارت کی پیچیدہ ساخت اور باہر جانے کے لیے تنگ راستوں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔‘

عمارت کے اندر پھنسے ہوئے لوگوں کی تعداد کا اندازہ نہیں ہو سکا ہے جبکہ آگ لگنے کی وجہ معلوم ہونے کے لیے تحقیقات ہو رہی ہیں۔

زنہوا کی رپورٹ کے مطابق مرغیوں کے اس پلانٹ میں ایک ہزار سے زائد افراد کام کرتے ہیں۔

چین کی ویب سائٹس پر تصاویر میں جائے وقوعہ سے دھواں نکلتے دکھائی دیتا ہے اور وہاں آگ بجھانے والے ٹرک بھی نظر آتے ہیں۔

شنگھائی میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ چین میں کام کی جگہ پر حفاظتی اقدامات اکثر معیار کے مطابق نہیں ہوتے جہاں سے اکثر کارخانوں اور کانوں میں حادثات کی اطلاعات ملتی ہیں۔