
اتوار کے روز اسرائیل کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے میں لوگ زحمی ہوئے تھے۔
غزہ میں فلسطینی شدت پسندوں نے جنوبی اسرائیل میں تقریباً پچاس مارٹر گولے پھینکے لیکن ان حملوں میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
مارٹر گولے کیرم شولوم علاقے میں گرے۔ اسرائیل نے غزہ میں کئی مقامات پر راکٹ داغ کر جوابی کارروائی کی جس میں فلسطینی ڈاکٹروں کے مطابق پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
حماس کے فوجی دھڑے اور اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ یہ حملے اتوار کے روز اسرائیل کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے کا جواب تھے۔
پیر کے روز جنوبی اسرائیل میں گرنے والے مارٹر گولوں سے ایک بلڈنگ کو کچھ نقصان پہنچا ہے۔
اس حملے کے بعد مقامی حکام نے لوگوں سے کہا کہ وہ عارضی پناہ گاہوں کے نزدیک رہیں۔
ایک میزائل حملے میں آٹھ شہری اس وقت زخمی ہو گئے جب اس میزائل نے موٹر سائیکل پر سوار دو مبینہ شدت پسندوں کو نشانہ بنایا جنوبی شہر رفاہ جانے والے مبینہ شدت پسند اس حملے میں شدید زخمی ہو گئے۔
غزہ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے اسرائیل پر ہونے والے حملے کو تسلیم کرنا عام بات نہیں ہے۔
تاہم نامہ نگار کا کہنا ہے کہ حماس پر غزہ میں رہنے والے ان لوگوں کی جانب سے اس بات کے لیے دباؤ ہے کہ وہ اسرائیلی قصبے کے خلاف مزاحمت اور حرکت میں نظر آئے کیونکہ اِن لوگوں کا خیال ہے کہ اسلامی تحریک نے غزہ کے معاملے میں کافی نرمی سے کام لیا ہے۔






























