
ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے جمعے کو ایک ریلی کے دوران اسرائیل کو انسانیت کی توہین قرار دیا تھا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ایرانی صدر کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے زبانی حملے پر تنقید کی ہے۔
ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے جمعے کو ایک ریلی کے دوران اسرائیل کو انسانیت کی توہین قرار دیا تھا۔
ایرانی صدر کے اس بیان کے جواب میں ریلی کے ہزاروں شرکاء نے اسرائیل کے لیے موت کے نعرے لگائے تھے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے جاری ایک بیان میں ایرانی صدر کے الفاظ کو جارحانہ اور اشتعال انگیز قرار دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’خطے کے رہنماؤں کو اپنی آواز کشیدگی کم کرنے کے لیے استعمال کرنی چاہیے نہ کہ اسے بڑھانے کے لیے۔‘
اسرائیلی میڈیا میں تسلسل سے یہ خبریں آرہی ہیں کہ اسرائیل رواں سال کسی بھی وقت ایران کے جوہری تعمیرات پر حملے کر سکتا ہے۔
گزشتہ بدھ کو اسرائیل کے وزیر دفاع برائے سرحدی امور نے کہا تھا کہ اسرائیل ایران سے جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
اسرائیلی اخبار ’ماریف‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ایران پر حملے کی صورت میں ایسی لڑائی ہوگی جس میں پانچ سو اسرائیلیوں کی ہلاکت ممکن ہے اور جو ایک ماہ تک جاری رہ سکتی ہے۔‘
متان وِلنائی اگست کے آخر میں یہ عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ’کئی محاذوں‘ پر لڑی جائے گی اور ممکن ہے کہ ا س میں اسرائیل کے کئی شہروں اور قصبوں کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے اسرائیل کی تیاری مکمل ہے۔
متان وِلنائی فوج کے سابق جنرل ہیں اور ان کے بعد وزیر دفاع کا عہد آوی ذختر سنبھالیں گے جو اسرائیل کی اندرونی سکیورٹی ایجنسی شِن بیت کے سربراہ رہے ہیں۔






























