’ہولوکاسٹ گریفیٹی‘ پر اسرائیلی گرفتار

میوزیم کی دیواروں پر عبرانی زبان میں گریفیٹی لکھی گئی تھی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمیوزیم کی دیواروں پر عبرانی زبان میں گریفیٹی لکھی گئی تھی

اسرائیلی پولیس نے یروشلم میں تین انتہائی قدامت پسند یہودیوں کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ’یاد ویشم ہولوکاسٹ‘ میموریل کی دیواروں پر گریفیٹی لکھی تھی جس میں انہوں نے یورپ میں ہولوکاسٹ پر ہٹلر کا شکریہ ادا کیا تھا۔

اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے تینوں افراد نے ہولوکاسٹ میوزیم اور یروشلم میں دیگر جگہوں کو گریفیٹی سے خراب کرنے کے الزام کو تسلیم کیا ہے۔

میوزیم میں لکھی جانے والی ایک عبارت میں لکھا گیا تھا کہ ’ہٹلر، ہولوکاسٹ کے لیے تمہارا شکریہ۔‘ ایک اور میں تحریر تھا کہ ’اگر ہٹلر نہ ہوتا تو صیہونی اس کو ایجاد کر لیتے۔‘

اسرائیل میں کچھ انتہائی قدامت پسند گروہ یہودی ریاست کے وجود کے ہی خلاف ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ مسیح کے آنے کے بعد ہی اسے معرض وجود میں آنا چاہیئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گیارہ جون کو عبرانی زبان میں یاد ویشم میوزیم کی دیواروں پر دس کے قریب گریفیٹی لکھی گئی تھیں۔

اس طرح کی عبارتیں گزشتہ اپریل ایمونیشن ہل میموریل میں بھی لکھی گئی تھیں۔

اسرائیلی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے یہودیوں کی عمریں بالترتیب اٹھارہ، چھبیس اور سینتیس برس ہیں۔