کولمبیا میں تین ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد

تماکو کے پولیس سٹیشن پر بم کے حملے میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنتماکو کے پولیس سٹیشن پر بم کے حملے میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے

کولمبیا کی سکیورٹی فورسز نے تین ٹن دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا ہے جس کا تعلق ملک کے باغی گروپ فارک سے ہے۔

سکیورٹی فورسز نے یہ دھماکہ خیز مواد ملک کے جنوب میں واقع جنگل میں باغیوں کے ایک اُجاڑ کیمپ سے برآمد کیا۔

ان کے بقول دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کے بارے میں باغیوں کے اُن اراکین نے اطلاع دی تھی جو پہلے ہی اپنے آپ کو حکام کے حوالے کر چکے ہیں۔

دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سے دس روز قبل ہی بائیں بازو کے فارک گروپ نے تُماکو کے علاقے میں ایک پولیس سٹیشن پر بم سے حملہ کیا تھا جس میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

سکیورٹی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ جنگل میں موجود کیمپ سے انہیں تین ہزار دو سو دھماکہ خیز مواد کی راڈ، بارودی سرنگیں اور سینکڑوں کی تعداد میں گرینیڈ ملے ہیں۔

کرنل وِلسن دیاز نے کہا کہ دریائے یاری کے کنارے واقع یہ کیمپ اس قدر کشادہ تھا کہ اس میں ایک سو کے قریب باغی رہ سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اتنی بڑی تعداد میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ کا ملنا کئی برسوں میں بڑا واقعہ ہے۔

گزشتہ برس نومبر میں فارک کے رہنماء الفانسو کانو کی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد فارک نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

اس سے قبل ہفتہ کو پہاڑی صوبے ویلے ڈیل کاؤکا میں گرینیڈ کے حملے میں تین فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔