دھماکوں پر پاکستان سے بات ہوگی: کرزئی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
افغان صدر حامد کرزئی نے یوم عاشور پر افغانستان کے تین مختلف شہروں میں ہونے والے بم دھماکوں کی ذمہ داری پاکستانی شدت پسند کالعدم تنظیم لشکرِ جھگنوی کی طرف سے قبول کیے جانے کے بعد کہا ہے وہ پاکستان حکومت سے اس معاملے پر بات کریں گے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت تین مختلف شہروں میں یوم عاشور پر عزاداری کے جلوسوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں انسٹھ افراد ہلاک اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔
ان دھماکوں کے پیش نظر اپنا یورپ کا دورہ مختصر کرکے کابل پہنچنے پر حامد کرزئی نے کہا کہ ’پاکستان میں قائم شدت پسند کالعدم لشکر جھنگوی نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے اور ہم اس معاملے کی پوری تحقیقات کراکے یہ معاملہ حکومت پاکستان کے ساتھ اٹھائیں گے۔‘
افغانستان میں فرقہ ورانہ تشدد کے واقعات بہت کم رونما ہوتے ہیں۔ لیکن اس مرتبہ یوم عاشور پر فرقہ ورانہ دہشت گردی کے واقع میں شیعہ اقلیت کو نشانہ بنایا گیا۔



