اسامہ مشفق اور نرم دل انسان تھے:الظواہری

،تصویر کا ذریعہAsSahab
القاعدہ کے نئے سربراہ ایمن الظواہری نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے اسامہ بن لادن کو ’نرم دل‘ اور ’مشفق‘ کہا ہے۔
گزشتہ مئی میں پاکستان میں اسامہ کی ہلاکت کے بعد القاعدہ نیٹ ورک کی ذمہ داری سنبھالنے والے ایمن الظواہری کا کہنا ہے کہ ان کے سابق رہنما اسامہ بن لادن ایک حساس انسان تھے۔
جہادی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی تیس منٹ کی اس ویڈیو کا عنوان تھا ’ امام کے ساتھ گزرے شب و روز‘۔
ایمن الظواہری کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو جاری کرنے کا ان کا مقصد اسامہ بن لادن کی ایک ’عام انسان ‘ والی شخصیت کو لوگوں کے سامنے لانا ہے۔
اس ویڈیو میں الظواہری نے سفید چوغا پہن رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’لوگ نہیں جانتے کہ یہ انسان بہت نرم دل، مہربان اور مشفق اور نفیس احساسات کا مالک تھا۔
الظواہری کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ایسا انسان نہیں دیکھا‘۔
الظواہری 1980 کی دہائی میں بن لادن سے اس وقت ملے تھے جب یہ دونوں افغانستان میں سویت افواج کے خلاف لڑنے والے مجاہدین کی حمایت کر رہے تھے۔ انہوں نے بن لادن کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کو ’اعزاز‘ قرار دیا۔
ایمن الظواہری نے ان لمحوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا جب انہیں اپنے کچھ عزیزوں کی موت کی اطلاع ملی کہ کس طرح اسامہ نے پرنم آنکھوں سے انہیں گلے لگا کر دلاسہ دیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایمن الظواہری نے مزید بتایا کہ اسامہ بن لادن مسلسل ایک مقام سے دوسرے مقام منتقل ہونے کے باوجود اس بات کا خاص خیال رکھتے تھے کہ ان کے بچے اچھی تعلیم حاصل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک استاد کو رکھا تھا جو بچوں کو قران پڑھاتے تھے۔
الظواہری نے بتایا کہ اسامہ چاہتے تھے کہ اُن لوگوں کو فراموش نہیں کیا جائے جنہوں نے گیارہ ستمبر کے حملے کیے تھے۔ امریکہ میں ہونے والے ان حملوں میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اسامہ بن لادن کی یاد میں اس طرح کی ویڈیو جاری کرنے اور اسامہ کے ساتھ اپنی نزدیکی پر زور دینے کا ایمن الظواہری کا مقصد القاعدہ کے حامیوں میں اپنی مقبولیت میں اضافہ کرنا ہے۔







