’اخراجات کم کریں مگر ترقی پر توجہ دیں‘

عالمی معیشت پر لوگوں کے اعتماد میں کمی ہوئی ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنعالمی معیشت پر لوگوں کے اعتماد میں کمی ہوئی ہے

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ یعنی آئی ایم ایف کی سربراہ كرسٹين لےگارڈ نے عالمی حکومتوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اخراجات میں کمی اور اقتصادی ترقی کے لیے قلیل المدتی فنڈز کی فراہمی میں توازن قائم کریں۔

كرسٹين لےگارڈ کا کہنا ہے کہ یہ عمل ’ڈبل ڈپ ریسیشن‘ یا کساد بازاری کی دوہری مار سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔

اقتصادی دنیا کے اخبار ’دی فنانشل ٹائمز‘ میں لکھتے ہوئے لےگارڈ نے کہا ہے کہ دنیا میں اقتصادی استحکام کے لیے قرضوں میں کمی کیے جانے کی سخت ضرورت ہے۔

لیکن ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر اخراجات میں بہت تیزی سے کمی کی گئی تو اس کا اثر ملازمتوں پر پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کم مدت میں ترقی کے لیے مالی امداد دی جانا نہایت اہم ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے کی سربراہ نے کہا ہے کہ حصص بازار اقتصادی استحکام کی ستائش تو کرتا ہے لیکن اسے ترقی میں کمی بھی پسند نہیں ہے۔

آئی ایم ایف کی سربراہ کا یہ بیان مالیاتی مارکیٹ میں حالیہ اتار چڑھاؤ اور اس کی وجہ سے امریکہ اور یورپی ممالک کے زیادہ اخراجات پر اٹھنے والے سوالات کے بعد آیا ہے۔

کرسٹین لےگارڈ نے کہا ہے کہ اگرچہ عالمی معیشت پر لوگوں کے اعتماد میں کمی ہوئی ہے لیکن ابھی ساری پالیسیوں کو لاگو کر کے نہیں دیکھا گیا۔

خیال رہے کہ منگل کو یورو کرنسی زون میں قرض بحران کے مسئلے پر فرانس کے صدر نكولا سرکوزی پیرس میں جرمنی کی چانسلر انجیلا مركل سے ملاقات کر رہے ہیں۔