چین میں معمر آبادی میں اضافہ

،تصویر کا ذریعہReuters
چین میں مردم شماری کے نتائج کے مطابق 2010 میں ملک کی آبادی ایک ارب تینتیس کروڑ تک پہنچ گئی ہے اور جہاں آبادی میں اضافے کی رفتار میں کمی آئی ہے وہیں معمر افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
مردم شماری سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ چین میں آبادی کی شہروں میں منتقلی میں اضافہ ہوا ہے اور ہنرمند افراد دیہات چھوڑ کر شہروں کا رخ کر رہے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق اب چین کی کل آبادی میں سے تیرہ اعشاریہ تین فیصد افراد ایسے ہیں جن کی عمر ساٹھ برس سے زائد ہے۔ اس شرح میں سنہ دو ہزار کے مقابلے میں قریباً تین فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
اس کے برعکس چین میں چودہ برس سے کم عمر افراد کی تعداد کل آبادی کا سولہ اعشاریہ چھ فیصد پائی گئی ہے جو کہ گزشتہ مردم شماری کے مقابلے میں چھ اعشاریہ تین فیصد کم ہے۔
چین میں حکومت کی جانب سے چھوٹے خاندانوں کی حوصلہ افزائی اور بیشتر خاندانوں کے لیے ایک بچہ پیدا کرنے کی پالیسی کی وجہ سے چین کی آبادی میں اضافے کی شرح ایک فیصد سے بھی کم رہی ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ آنے والے عشروں میں یہ شرح منفی ہو جائے گی۔
کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ چین میں خاندان کے حجم کے حوالے سے عائد پابندیوں کا اثر ملک کی اقتصادی مستقبل پر پڑ سکتا ہے اور اس پالیسی پر عملدرآمد کے نتیجے میں ایک ایسا وقت آ سکتا ہے جب معمر آبادی کی دیکھ بھال کے لیے جوان افراد ہی نہ موجود ہوں۔



