مصر: گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ

،تصویر کا ذریعہReuters
مصر سے اسرائیل اور اردن کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن کو سینائی کے مقام پر دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے۔
مصری حکام کا کہنا ہےکہ دھماکے کے بعد ایک بڑا شعلہ بلند ہوا جس کے بعد گیس پائپ لائن کو بند کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران گیس پائپ لائن پر ہونے والا یہ دوسرا حملہ ہے۔
مصر کے شمالی قصبے العریش میں موجود یہ گیس پائپ لائن اسرائیلی سرحد سے تیس میل (پچاس کلومیٹر) دور واقع ہے۔
نامعلوم سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ایک نامعلوم مسلح گروہ نے گیس پائپ لائن پر حملہ کیا ہے جس کے بعد اسرائیل اور اردن کے درمیان گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ مصر کے ہمسایہ ممالک میں اردن مصری گیس سے اسی فیصد بجلی حاصل کرتا ہے جبکہ اسرائیل مصر سے چالیس فیصد گیس حاصل کرتا ہے اس کے علاوہ شام بھی مصر سے گیس درآمد کرتا ہے۔
حکام کے مطابق دھماکے کے بعد گیس کی سپلائی کو کنٹرول کرنے والے والوز کو فوراً بند کر کے قریب رہنے والے افراد کو فوری طور پرگھر خالی کرنے کو کہا گیا۔
اس سے پہلے رواں برس پانچ فروری کو مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کے خلاف جاری احتجاج کے دوران بھی اس گیس پائپ لائن پر حملہ کیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس حملے کے بعد مصر سے اسرائیل اور اردن کو گیس کی فراہمی ایک ماہ تک بند رہی تھی۔







