چی گویرا کے ساتھی کا انتقال

جنوبی امریکہ کے انقلابی رہنماء چی گویرا کے ساتھی ایلبرٹو گرنادو اٹھاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
گراناڈو اور گویرا نے جوانی میں اکٹھے موٹرسائیکل پر لاطینی امریکہ کا دورہ کیا اور وہاں لوگوں کے حالات زندگی دیکھنے پر ان میں انقلاب کا جوش پیدا ہوا۔
موٹر سائیکل پر لاطینی امریکہ کے دورے کے دوران لکھی گئی ان دونوں کی ڈائیریوں کی بنیاد پر سن دو ہزار چار میں ایک فلم بھی بنائی گئی تھی۔
گویرا اور گرنادو نے لاطینی امریکہ کا سفر انیس سو اکیاون میں شروع ہوا تھا۔ سفر کے دوران انہوں نے ان علاقوں میں لوگوں کی غربت اور سماجی نا انصافی کو براہ راست دیکھا۔
سن انیس سو انسٹھ میں کیوبا میں فدیل کاسترو کی وہاں کی آمر بتیستا کے خلاف کامیاب لڑائی میں مدد کرنے کے بعد گویرا نے گرنادو کو بھی کیوبا بلا لیا تھا۔ کیوبا میں گرنادو جامعہ ہوانا میں بائو کیمسٹری کی تعلیم دیتے رہے۔
کیوبا کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ گرنادو کی راکھ ان کی وصیت کے مطابق کیوبا، ارجنٹینا اور وینزویلا میں گرائی جائے گی۔
گرنادو آٹھ اگست انیس سو بائیس کو ارجنٹینا میں پیدا ہوئے تھےاور گویرا کے بچپن کے دوست تھے۔ گویرا 1967 میں بولیویا میں انقلاب لانے کی کوشش کے دوران ہلاک ہو گئے تھے۔



