خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

لیبیا میں ہنگامہ آرائی کے بعد ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
یہ سلسلہ اس عالمی تشویش کی عکاسی کرتا ہے کہ لیبیا میں جاری حکومت مخالف عوامی احتجاج کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی فراہمی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔
لیبیا دنیا میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں بارھویں نمبر پر ہے۔
منگل کو ’برینٹ کروڈ‘ کی فی بیرل قیمت اٹھاون سینٹ بڑھ کر 106 عشاریہ ستر ہو گئی جو کہ ڈھائی سال کے اندر سب سے زیادہ قیمت ہے۔
منگل کو توانائی کے عالمی ادارے انٹرنیشنل انیرجی ایجنسی کے چیف اکانومسٹ فتیح برول کا کہنا تھا کہ قیمتیں خطرناک حد تک بڑھ کر ’ڈینجر زون‘ میں داخل ہو گئی ہیں۔
نیو یارک میں تیل کی تجارت کرنے والی کمپنی ایم ایف گلوبل کے ایک تاجر کا کہنا تھا کہ ’اگر خطے میں مسئلے سنگین ہوئے تو یہ قیمتیں اچانک اور تیزی سے اوپر جائیں گی۔‘



