مصر: قیمتی نوادرات کی چوری کا انکشاف

نوادرات کو تحریر سکوائر پر ہونے والے حالیہ عوامی احتجاج کے دوران لوٹا گیا۔

،تصویر کا ذریعہbb

،تصویر کا کیپشننوادرات کو تحریر سکوائر پر ہونے والے حالیہ عوامی احتجاج کے دوران لوٹا گیا۔

مصر کے آثار قدیمہ کے وزیر کا کہنا ہے کہ تحریر سکوائر کے قریب واقع مشہور عجائب گھر سے قیمتی نوادرات کے چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

آثار قدیمہ کے وزیر زاہی ہواس کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والے نوادارت میں فرعون ٹوٹن کامون کا لکڑی کا بنا ہوا ایک مجسمہ بھی شامل ہے۔

وزیر کے مطابق ان اہم اور قیمتی نوادرات کو تحریر سکوائر پر حسنی مبارک کے خلاف ہونے والے حالیہ عوامی احتجاج کے دوران لوٹا گیا ہے۔

مسٹر ہواس کا کہنا ہے کہ عجائب گھر میں موجود اشیاء کی فہرست کے مطابق اٹھارہ نوادرات غائب ہیں۔

مصر میں عوامی احتجاج شروع ہونے کے تین روز بعد لوگ چھت کے ذریعے عجائب گھر میں داخل ہو گئے تھے اور اس دوران ستر کے قریب نوادرات کو نقصان پہنچا تھا۔

قائرہ کے تحریر سکوائر کے سامنے واقع مصر کا عجائب گھر دنیا بھر میں مشہور ہے جہاں دسیوں ہزار انتہائی قیمتی قدیم نوادرات رکھے ہوئے ہیں جن میں مشہور فرعون ٹوٹن کامون کے مقبرے سے ملنے والے اشیاء کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔