گیمبیا:ایک ارب ڈالر مالیت کی کوکین برآمد
مشرقی افریقہ کے ملک گیمبیا میں حکام نے ایک ارب ڈالر مالیت کی دو ٹن کوکین برآمد کی ہے جو یورپ بھیجی جانے والی تھی۔

اتنی بڑی مقدار میں کوکین پکڑے جانے کے بعد حکام نے ایک درجن کے قریب منشیات کے مشتبہ سمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔
گیمبیا کےحکام نے گرفتاریوں کے بعد فورنسک شواہد حاصل کرنے کے لیے یورپی اہلکار کو بلایا ہے۔
کوکین کی بازیابی میں برطانیہ کی ایک کرائم ایجنسی کے اہلکاروں نے گیمبین حکام کی مدد کی ہے۔ اعلیٰ درجے کی کوکین گیبمیا کے دارالحکومت بنجئی سے ایک گھنٹے کے مسافت پر واقع ایک گودام کے تہہ خانے سے برآمد ہوئی ہے۔
حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ گودام میں موجود ایک کمپیوٹر سے اہم معلومات بھی حاصل ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق’ انھیں بڑی خوشی ہوئی ہے کہ یہاں سے ہمیں تمام اہم شواہد مل گئے ہیں۔‘
مشرقی افریقہ منشیات کی سمگلنگ کے حوالے سے ایک بڑا گڑھ بنتا جا رہا ہے یہاں سے منشیات لاطینی امریکہ سمگل کی جاتیں ہیں اور پھر وہاں سے اسے پورپی منڈیوں میں بھیجا جاتا ہے۔
اس خطے میں غربت اور کمزور عدالتی نظام کا فائدہ منشیات کے سمگلر اٹھاتے ہیں۔



