’گُلابی ہِٹلر‘ پر اعتراض
اٹلی کے علاقے سِسلی میں ایک اشتہار پر سخت تنقید کی گئی ہے جس میں نازی رہنما ایڈولف ہِٹلر کو دکھایا گیا ہے۔

ملبوسات کی دکان کے لیے بنائے گئے پوسٹروں پر ہٹلر کی وردی کا رنگ گلابی کر دیا گیا ہے اور ان کے بازو پر نازیوں کے نشان ’سواسٹیکا‘ کی جگہ دل بنا دیا گیا ہے۔ پوسٹر پر لکھا ہے ’اپنا سٹائل بدل لیجیے، اپنے لیڈر کے پیچھے ہی چلنا ضروری نہیں ہے‘۔
یہ پوسٹر سسلی کے شہر پالیرمو میں لگائے گئے اور ان پر کچھ لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جنگ عظیم کے دوران نازی افواج سے لڑنے والے افراد کی مقامی تنظیم نے ان پر اعتراض کرتے ہوئے کہاہے کہ ان پوسٹروں سے ان لوگوں کی توہین کی جا رہی ہے جنہوں نے فاشزم کے خلاف لڑا ہے۔
اس تنظیم نے شہر کےمیئر کو ایک خط لکھا ہے جس میں اناشتہارات کو فوراً ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تنظیم کے ترجمان کے مطابق یہ اشتہارات جمہوری اقدار کی خلاف ورزی کرتے کرتے ہیں۔ تاہم ان اشتہارات کو تیار کرنے والی ایجنسی نے اٹلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان پوسٹروں کا مقصد ہٹلر کے جرائم پر پردہ ڈالنا نہیں بلکہ اس کا مذاق اڑانا تھا۔



