ملائیشیا کے وزیر اعظم مستعفی

ملائیشیا کے بادشاہ نے وزیر اعظم عبداللہ احمد بداوی کا استعفی قبول کر لیا ہے اور اب امکان ہے کہ ان کی ذمہ داریاں ان کے نائب نجیب رزاق سنبھال لیں گے۔
نجیب رزاق نے کچھ عرصے پہلے پارٹی کی قیادت بھی سنھالی ہے۔
مسٹر عبداللہ مہاتر محمد کے بعد وزیر اعظم بنے تھے اور وہ پانچ سال تک وزیر اعظم رہے لیکن پچھلے سال کے انتخابات میں ان کی پارٹی کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سے ان پر مستعفی ہونے کا دباؤ رہا ہے۔
ان کی پارٹی ’اُنمو‘ یا یونائٹیڈ ملائیشیا نیشنل اورگنائزیشن انیس سو ستاون سے اقتدار میں ہے۔ تاہم اب پارٹی کے اندر اختلافات ابھرنے لگے ہیں اور ملک کی حزب اخلتلاف بھی مضبوط ہوئی ہے۔
پچھلے ہفتے مسٹر عبداللہ نے اپنی پارٹی کانگریس کو ایک بیان میں متنبہ کیا تھا کہ اگر جماعت نے مخالفین کو خاموش کرنے اور جیل میں ڈالنے کے عمل اور ملک کی اقلیتی چینی اور ہندوستانی برادریوں کے ساتھ امتیامی سلوک کرنے سے گریز نہ کیا تو پارٹی تباہ ہو جائے گی۔
ملائیشیا کے ان قوانین پر سخت تنقید کی گئی ہے جن کے تحت ملائے برادری کے افراد کو تعلیمی اور کاروباری حلقوں میں ترجیح دی جاتی ہے۔
امکان ہے کہ مسٹر عبداللہ کے نائب نجیب رزاق جمعہ کو بطور وزیر اعظم حلف اٹھاییں گے۔



