ولادیمیر پوتن کو 70 ویں سالگرہ پر بیلاروس ٹریکٹر کا تحفہ، تاجکستان نے خربوزے اور تربوز پیش کیے

بیلاروس

،تصویر کا ذریعہPRESIDENT OF REPUBLIC OF BELARUS

،تصویر کا کیپشنصدر پوتن کو ایک سند پیش کی گئی کہ اُنھیں تحفے میں بیلاروس ٹریکٹر دیا گیا ہے۔
    • مصنف, پیٹرک جیکسن
    • عہدہ, بی بی سی نیوز

روس کے صدر ولادیمیر پوتن کو ان کی 70 ویں سالگرہ پر ٹریکٹر کا تحفہ ملا ہے۔

یہ تحفہ اُنھیں بیلاروس کے صدر اور ان کے اتحادی الیگزینڈر لوکاشینکو نے دیا ہے۔ بیلاروس دنیا بھر میں اپنے ٹریکٹروں کے لیے مشہور ہے۔

اُنھوں نے اس بات کی تصدیق بات چیت کی غرض سے سینٹ پیٹرزبرگ کے دورے کے دوران کی۔ صدر پوتن یہاں دیگر سابقہ سوویت ریاستوں کے رہنماؤں کی میزبانی کر رہے ہیں۔

پے در پے کامیاب یوکرینی حملوں کا سامنا کر رہے پوتن نے حال ہی میں روس میں ضم ہونے والے علاقوں میں ’بدامنی‘ پر بھی بات کی۔ مگر جمعے کو ان کے اتحادیوں نے دو دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے سے روس کے بطور صدر یا بطور وزیرِ اعظم قائد رہنے والے پوتن کو تعریفوں سے نوازا۔

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو بیلاروس میں تیار شدہ ٹریکٹر کا گفٹ سرٹیفیکیٹ لے کر سینٹ پیٹرزبرگ آئے۔

اُنھیں یورپ کا ’آخری ڈکٹیٹر‘ بھی کہا جاتا ہے اور وہ پوتن سے بھی طویل عرصے (سنہ 1994) سے اقتدار میں ہیں۔ پوتن کی طرح ان کا ملک بھی مغربی پابندیوں کی زد میں ہے۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

مِنسک ٹریکٹر ورکس بیلاروس کی سرکردہ صنعت ہے اور بیلاروس نامی ٹریکٹرز تیار کرتی ہے۔

یہ معلوم نہیں ہے کہ صدر پوتن نے بڑے پہیوں والے اس تحفے پر کیا ردِ عمل دیا جس کے مقابلے میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی جانب سےتحفے میں خربوزوں اور تربوزوں کے ڈھیر دیے تھے۔

مگر صدر پوتن کو اکثر و بیشتر ٹریکٹروں میں دیکھا گیا ہے۔

پوتن ٹریکٹر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپوتن سنہ 2005 میں جرمنی کے شہر ہینوور میں جرمن چانسلر گیرہارڈ شروڈر کے ہمراہ ایک فینڈ ٹریکٹر کی آزمائش کر رہے ہیں
پوتن

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسنہ 2010 میں روسی شہر تامبوف کے دورے کے دوران
پوتن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپوتن سنہ 2018 میں روستو اون ڈون شہر کی ایک فیکٹری میں ایک ٹریکٹر سمیولیٹر کا تجربہ کر رہے ہیں

یہ بھی پڑھیے

ان تحفوں کے علاوہ روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ پیٹریارک سیرل نے پوتن کی تعریف کی۔ اُنھوں نے کہا کہ پوتن نے روس کا تشخص بدل دیا ہے، اس کی خودمختاری اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کیا ہے، اور اس کے قومی مفادات کا تحفظ کیا ہے۔

چیچنیا کے ماسکو نواز رہنما رمضان قادروف نے کہا: ’دنیا کے سب سے بڑے محبِ وطن۔‘

پڑوسی ملک میں ان ہی کی طرح عالمی تنہائی کا سامنا کر رہے شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن نے کریملن میں موجود شخص کو 'امریکہ کی دھمکیوں' کو کچل دینے پر مبارکباد پیش کی۔

تاہم صدر پوتن کے مخالفین نے ان کی سالگرہ کے موقع پر انھیں ایسا جنگی مجرم قرار دیا جو دوسرے ملک کے ساتھ اپنے ملک کو بھی برباد کر رہے ہیں۔

یوکرین کے وزیرِ دفاع اولیکسی ریزنیکوف نے روسی فوج سے کہا کہ وہ پوتن کو مسترد کر کے ان کی جنگ لڑنے سے انکار کر دیں۔ اُنھوں نے کہا کہ پوتن اپنے فوجیوں کے ہمراہ 'کھڑے ہونے کے بجائے بنکر میں چھپے ہوئے ہیں۔'

کچھ سوشل میڈیا صارفین کو پوتن کے لیے لوکاشینکو کے تحفوں میں عجیب بات یہ لگی کہ ٹریکٹر درحقیقت روسی حملے کے خلاف یوکرینی مزاحمت کی علامت بن گئے تھے کیونکہ یوکرینی کسان ان کا استعمال کرتے ہوئے متروکہ فوجی گاڑیاں ہٹا رہے تھے۔

ان کی سالگرہ کے موقع پر جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں مظاہرین نے روسی صدر کے برہنہ پتلے کو ایک سنہری ٹوائلٹ پر بٹھا کر مظاہرہ کیا۔