آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ڈنمارک کا شاہی خاندان: اپنے بچوں کے ٹائٹل ختم کرنے پر ملکہ ’معذرت خواہ‘
ڈنمارک کی ملکہ نے اپنے چار پوتے پوتیوں کو شاہی خطابات سے محروم کرنے پر معذرت کی ہے، مگر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔
ملکہ مارگریتھا دوم کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ بادشاہت ’وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ‘ ہو، اور یہ فیصلہ بہت پہلے سے آنے والا تھا، اور یہ اس ادارے کا ’مستقبل محفوظ‘ بنائے گا۔
مگر وہ اس فیصلے سے متعلق اپنے خاندان کے رد عمل کا ’صحیح اندازہ‘ نہیں لگا سکیں ’اور اس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں۔‘
اس فیصلہ کا اعلان گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا اور اس کا اطلاق اگلے سال سے ہوگا۔
ابتدائی بیان میں کہا گیا تھا کہ ’اب تک استعمال ہونے والے شہزادہ اور شہزادی کے خطابات ختم کر دیے جائیں گے۔ شہزادہ یؤکیم کے بچوں کو مستقبل میں عزت مآب کہہ کر مخاطب کیا جائے گا۔‘
ملکہ کے چھوٹے بیٹے شہزادہ یؤکیم کا کہنا تھا کہ وہ اس تبدیلی پر رنجیدہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اپنے بچوں کو اس طرح کی بدسلوکی کا شکار ہوتے دیکھنا کوئی مذاق نہیں ہے۔ انھیں ایک ایسی صورتحال کا سامنا ہے جسے وہ نہیں سمجھتے۔‘
ان کی بیوی شہزادی میری کا کہنا تھا کہ اس ’شارٹ نوٹس‘ اعلان کے بعد ان کے چھوٹے بچے کو سکول میں تنگ کیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شاہی جوڑے نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس اعلان کے بعد سے مارگریتھا نے ان سے بات نہیں کی ہے۔ ایک پوتے، شہزادہ نیکولائی، نے بتایا کہ اس فیصلے کے بعد سے ان کا خاندان صدمے میں ہے۔
سنہ 2023 کے آغاز سے یؤکیم کے چار بچے، 23 سالہ شہزادہ نیکولائی، 20 سالہ شہزادہ فیلِکس، 13 سالہ شہزادہ ہینرِک اور 10 سالہ شہزادی اتھینا کے ناموں سے پہلے شہزادہ اور شہزادی کی بجائے کاؤنٹ اور کاؤنٹس آف منپزیٹ کے خطابات لگائے جائیں گے۔
شاہی محل کا کہنا تھا کہ یہ ڈنمارک کی فرمانروا کی شاہی خاندان کو چھوٹا کرنے کی خواہش کا عکاس ہے۔
گزشتے ہفتے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ملکہ اپنے چار پوتے پوتیوں کے لیے ایسا فریم ورک فراہم کرنا چاہتی ہیں کہ وہ اپنی زندگی کا رخ خود متعین کریں۔‘