ملکہ الزبتھ کو بیلمورل کاسل میں طبی نگہداشت میں رکھا گیا ہے

ملکہ ایلزبتھ

،تصویر کا ذریعہEPA

بکنگھم پیلس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکۂ برطانیہ طبیعت خراب ہونے کے باعث بیلمورل کاسل میں زیرِ علاج ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے ملکہ کی صحت کے بارے میں تشویش ظاہر کیے جانے کے بعد انھیں طبی نگہداشت میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے ’آج صبح مزید جائزہ لینے کے بعد ملکہ کے ڈاکٹر اُن کی صحت کے بارے میں فکرمند تھے اور انھوں نے ملکہ کو طبی نگہداشت میں رکھنے کا مشورہ دیا۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ملکہ آرام سے ہیں اور بیلمورل میں ہیں۔‘

بکنگھم پیلس کی جانب سے ایسا بیان جاری ہونا بہت غیر معمولی بات ہے کیونکہ ملکہ کی صحت کے بارے میں اس طرح کی معلومات فراہم نہیں کی جاتیں اور اسے ایک نجی معاملے کے طور دیکھا جاتا ہے۔

بیلمورل کاسل

دوسری جانب لندن میں بکنگھم پیلس کے باہر درجنوں نیوز کیمرے موجود ہیں جن کے رخ لندن میں ملکہ کی اس رہائش گاہ کی جانب ہیں۔

ایک امریکی سیاح جوڈی جونس نے، جو اپنی بہن کے ساتھ وہاں موجود ہیں، بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں سنہ 1952 میں ملکہ ایلزبتھ کی تاج پوشی آج تک یاد ہے۔ انھوں نے وہ تقریب بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی پر دیکھی تھی جب وہ بچی تھیں۔ ’مجھے تو وہ برطانیہ کی ملکہ کے طور پر ہی ہمیشہ سے یاد ہیں۔ مجھے بہت افسوس ہوا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے:

شہزادہ چارلس بھی بیلمورل پہنچ گئے ہیں، جو سکاٹ لینڈ میں ملکہ الزبتھ کی رہائشگاہ ہے۔ ان کی اہلیہ ڈچز آف کارن وال کامیلا بھی وہاں موجود ہیں جبکہ ڈیوک آف کیمبرج اور ملکہ کے پوتے شہزادہ ولیم بھی وہاں پہنچ گئے ہیں۔

96 برس کی ملکہ برطانیہ کو بدھ کو ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد انھیں پرائیوی کونسل کی میٹنگ میں شرکت سے روک دیا گیا تھا۔

بیلمورل کاسل

ملکہ الزبتھ کی صحت سے متعلق کافی زیادہ تشویش ہے جو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

ان قیاس آرائیوں کے بارے میں بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ گر گئیں تھیں۔ منگل کو وہ اپنے پیروں پر کھڑی تھیں اور ان کی ایک تصویر بھی جاری کی گئی جس میں وہ نئی وزیر اعظم کا تقرر کرنے کے بعد مسکرا رہی ہیں۔

تاہم سینیئر وزرا کے ساتھ پرائیوی کونسل کی ایک آن لائن میٹنگ کی منسوخی کے بعد ملکہ کی صحت سے متعلق نازک صورتحال کا اندازہ ہوتا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس نے کہا ہے کہ اس خبر کے باعث پورے ملک میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’میری اور پورے ملک کی نیک تمنائیں ملکہ اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔‘

ملکہ الزبتھ نے لندن کا سفر کرنے کے بجائے بیلمورل کاسل ہی سے نئی وزیراعظم کا تقرر کیا۔

اپنے 70 برس کے دورِ اقتدار میں ملکہ عام طور پر لندن کے بکنگھم پیلس میں وزیر اعظم کا تقرر کرتی ہیں۔

وہ جولائی کے مہینے سے سکاٹ لینڈ میں گرمیوں کی چھٹیوں پر ہیں۔

لیبر پارٹی کے رہنما سر کیئر سٹارمر نے بھی اپنی گہری تشویش اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

آرچ بشپ آف کینٹربری جسٹن ویلبی نے کہا ’میری دعائیں اور چرچ آف انگلینڈ سے منسلک تمام لوگوں اور پوری قوم کی دعائیں ملکہ کے ساتھ ہیں۔‘

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے ’اپنی حکومت اور پاکستان کے عوام کی طرف سے ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں ملکہ ایلزبتھ کے ساتھ ہیں کہ وہ جلد از جلد صحت یاب ہوں۔‘