اسرائیل نے گیس کے کنویں کی طرف بڑھتے حزب الله کے ڈرون مار گرائے

اسرائیل، حزب اللہ

،تصویر کا ذریعہIsrael Defense Forces

،تصویر کا کیپشناسرائیل نے ویڈیو فوٹیج جاری کی ہے جس میں کہا گیا کہ حزب اللہ کے تین ڈرون مار گرائے گئے
    • مصنف, میٹ مرفی
    • عہدہ, بی بی سی

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس نے مسلح تنظیم حزب اللہ کے تین ڈرون مار گرائے ہیں جو بحیرۂ روم کے متنازع علاقے میں گیس کے کنویں کی طرف بڑھ رہے تھے۔

اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ یہ ڈرون لبنان سے اڑائے گئے تھے اور انھیں فائٹر جیٹس کے علاوہ بحری جہازوں پر نصب کیے گئے میزائل سسٹم سے مار گرایا گیا۔

کچھ دیر بعد حزب اللہ نے تسلیم کیا کہ اس نے ڈرون لانچ کیے تھے۔ کریش گیس فیلڈ کی ملکیت کے حوالے سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان تناؤ بڑھا ہے۔

توانائی کے شعبے سے منسلک امریکی سفارتکار ایموس ہوچٹین طویل عرصے سے جاری اس تنازع کو حل کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کروانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے اپنی لڑائی کی خاطر گیس کے کنویں کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ ’مشن کامیاب رہا اور پیغام بھیج دیا گیا ہے۔‘

گذشتہ ہفتے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے گیس کے کنویں پر کام کرنے پر اسرائیل کو سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹس نے کہا ہے کہ حزب اللہ ’لبنان کو سمندری سرحدوں کے حوالے سے کسی معاہدے تک پہنچنے سے روک رہا ہے۔ یہ لبانی عوام کی معیشت اور ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔‘

حزب اللہ کا یہ مبینہ حملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب اسرائیل سیاسی عدم استحکام سے گزر رہا ہے۔ جمعرات کو اس کے قانون سازوں نے پارلیمان کی تحلیل کی منظوری دیتے ہوئے چوتھے سال میں پانچویں الیکشن کا اعلان کیا ہے۔

سابق اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینٹ کی اتحادی حکومت گِرنے کے بعد اب اس ووٹنگ سے دائیں بازو کے اپوزیشن لیڈر بنیامن نتن یاہو کے پاس دوبارہ اقتدار میں آنے کا موقع ہوگا۔