کوپ 26 اور ماحولیاتی تبدیلی: 'پلین سپاٹرز' کے لیے گلاسگو میں دنیا بھر کے سربراہان کی آمد ایک نادر موقع

سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں اس ہفتے ماحولیات کے بارے میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے دنیا بھر کے ملکوں کے سربراہاں تشریف لا رہے ہیں۔

اس موقع پر امریکی صدر کے خصوصی طیارے 'ایئر فورس ون' کے علاوہ دنیا کے بشتر ملکوں کے صدور اور وزراء اعظم کے خصوصی طیارے بھی گلاسگو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترتے نظر آرہے ہیں۔

کرۂ ارض کے ماحول کو بچانے کے لیے ہونے والی عالمی کانفرنس میں جہاں ماحولیات دوست یا تیزی سے بدلتے ہوئے ماحول پر تشویش رکھنے والے اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم بہت سے کارکن گلاسگو پہنچ رہے ہیں وہیں طیاروں میں دلچسپی رکھنے والے یا ان کا مشاہدہ کرنے کے شائق، جن کے لیے انگریزی زبان میں 'پلین سپاٹرز' کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے، گلاسگو میں جمع ہو چکے ہیں۔

اس سربراہی اجلاس کے پہلے دن افریقہ، مشرق وسطیٰ اور لاطینی امریکہ سے آنے والے جہاز شامل تھے اور ان طیاروں کی گلاسگو میں اترتے ہوئے تصاویر بنانے کے لیے شہری ہوا بازی اور جہازوں کی تصاویر بنانے کا شوق رکھنے والے فوٹو گرافر وہاں پہلے سے موجود تھے۔