ذاکر نواز: برطانیہ میں قتل کے الزام میں مطلوب ملزم چار سال بعد ناروے سے گرفتار

،تصویر کا ذریعہWEST MIDLANDS POLICE
برطانیہ میں مطلوب قتل کے ایک ملزم کو چار سال بعد ناروے سے گرفتار کیے جانے کے بعد اب اس پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
عبداللہی شائر پر الزام ہے کہ وہ 21 سالہ ذاکر نواز پر چاقو سے حملے کے واقعے میں ملوث تھے۔
یہ واقعہ 10 ستمبر 2016 کو برطانیہ کے علاقے واش وڈ ہیتھ میں پیش آیا تھا جس میں ذاکر نواز ہلاک ہوگئے تھے۔
قتل کی اس واردات کے فوراً بعد یورپیئن اریسٹ وارنٹ جاری کر دیے گئے تھے۔ عبداللہی شائر کو اس مہینے کے شروع میں ناروے کی پولیس نے حراست میں لیا تھا۔
منگل کو ویسٹ مڈلینڈز پولیس ملزم کو ناروے سے واپس برطانیہ لے آئی تھی۔
24 برس کے ملزم عبداللہی شائر کو جمعرات کو برمنگھم کی ایک عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ملزم کا تعلق ہالینڈ سے ہے اور برطانیہ میں کوئی مستقل پتا نہیں ہے۔
اس واردات کے سلسلے میں دو افراد کو پہلے ہی سزا سنائی جا چکی ہے۔
ذاکر نواز اور ان پر حملہ کرنے والے افراد کے درمیان گاڑی کا ایک معمولی سا حادثہ ہوا تھا۔ اس کے بعد ملزمان نے ان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔ ان کی موت سے صرف 10 روز پہلے ہی ان کے دوسرے بچے کی ولادت ہوئی تھی۔
واقع میں ملوث 24 سالہ محمد نے غیر ارادی قتل اور پرتشدد طریقے سے امن و امان میں خلل ڈالنے کا اعتراف کیا تھا اور سنہ 2019 میں اسے ساڑھے چار سال قید کی سزا دی گئی تھی۔ بعد میں اپیل کے نتیجے میں مجرم کی سزا بڑھا کر سات سال کر دی گئی تھی۔
جبکہ سنہ 2017 میں ایک دوسرے شخص کو پر تشدد طریقے سے امن و امان خراب کرنے کے اعتراف کے بعد دو سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔










