#WhenCoronaVirusIsOver: کورونا کی وبا ختم ہونے کے بعد لوگ اپنے کون کون سے شوق پورے کریں گے؟

اس میں کوئی شک نہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دینا بھر میں مایوسی اور خوف کا عالم ہے۔ وائرس سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے اور لوگ اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں لیکن ایسے وقت میں بھی بہت سے افراد نے اپنی ہمت بڑھانے اور امید کا دامن نہ چھوڑنے کی ٹھان رکھی ہے۔

ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ # Whencoronavirusisover یعنی 'جب کورونا وائرس ختم ہو گا' ٹرینڈ کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین یہ بتا رہے ہیں کہ اس وبا کے خاتمے کے بعد وہ اپنی کون کون سی حسرتیں پوری کریں گے۔

یہ ٹرینڈ یقیناً لوگوں کی توجہ خوش آئند چیزوں اور روشن مستقبل کی جانب مبذول کرواتے ہوئے یہ شعور اجاگر کرتا ہے کہ زندگی کتنی قابل قدر چیز ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کائلی ریورڈن نامی ایک صارف نے لکھا کہ جب کورونا وائرس ختم ہو گا تو ہم سب کو یہ احساس ہو گا کہ یہ ہمیشہ سے صرف محبت کا معاملہ تھا۔

کائلی نے لکھا کہ ہمیں احساس ہو گا کہ لباس، گھر یا آپ کی شکل و صورت معنی نہیں رکھتے۔

ٹیلی وژن کی معروف شحضیت اور ماڈل ایولن لوزاڈا نے بھی اس حوالے سے کہا کہ کورونا وائرس ختم ہونے کے بعد وہ کھانے پینے، سینما جانے، گرجا گھر جانے، کسی بال گیم، کنسرٹ یا دوستوں کے ساتھ گھومنے پھرنے کے بارے میں ایک نئی سطح پر شکر گزار ہوں گی۔

پاکستان میں عوامی ورکرز پارٹی کی کارکن طوبی سید نے کورونا وائرس کے خاتمے کے بعد سب کے لیے مفت طبی سہولیات، معقول آمدن، مفت تعلیم اور گھر کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بہت سے لوگ مختلف تصاویر بھی شئیر کر رہے ہیں، جن میں انھیں کورونا وائرس کی وبا سے قبل اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ارم علی نامی ایک صارف نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شئیر کی جس میں انھیں اپنی دوست کے ہمراہ ساحل سمندر پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

ماضی کی یہ تصویر کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالات بہتر ہوئے تو وہ اپنی دوست کے ساتھ کسی معروف سیاحتی مقام پر جائیں گی۔

پیار محبت کے پیغامات جہاں گردش کرتے دکھائی دیے وہیں نانا کویکو نامی صارف نے کہا کہ انھوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ کورونا وائرس ختم ہونے کے بعد وہ شادی کریں گے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ وہ اپنی فیملی کو چھٹیوں پر لے کر جائیں گے۔

آصف اندریاس نامی ایک صارف نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے یہ عہد کیا ہے کہ کورونا وائرس ختم ہونے کے بعد وہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

سوشل میڈیا پر صارفین ایک دوسرے کو یہ مشورہ دیتے ہوئے بھی دکھائی دیے کہ صفائی کے اصولوں پر عمل کرنے جیسی عادات کو کورونا وائرس ختم ہونے کے بعد بھی مضبوطی سے تھام لیں۔

ڈینیئل ایبراہم نامی صارف نے ہاتھ باقائدگی سے دھونے کو طرز زندگی کا مستقل حصہ بنانے کی تاکید کی۔

ریستوران بند ہیں اور سیاحتی مقامات ویران پڑے ہیں، ایسے میں کھانے پینے کے شوقین افراد نے کورونا وائرس کے خاتمے کے بعد اپنا من پسند کھانا کھانے کے خواھش کا اظہار بھی کیا ہے۔

نیرج نامی صارف نے کہا کہ کورونا ختم ہونے کے بعد وہ پانی پوری سے لطف اندوز ہوں گے۔