ایران: امریکی خفیہ اداروں کے جاسوسوں کو گرفتار کر کے موت کی سزا سنانے کا دعویٰ

ایران کا جھنڈا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سترہ جاسوسوں کو گرفتار کر کے ان میں سے کچھ کو سزائے موت سنا دی ہے۔

ایران کی انٹیلی جنس کی وزارت نے کہا ہے کہ یہ مشتبہ افراد ایران کے خاص شعبوں کے بارے میں، جن میں دفاع اور جوہری توانائی شامل ہیں، اہم معلومات جمع کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

،ویڈیو کیپشنایران جوہری معاہدہ تھا کیا اور اس کے کیا فوائد تھے؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان خبروں پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ان دعوؤں کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ بالکل جھوٹے ہیں۔

واشنگٹن اور تہران کے درمیان حالیہ مہینوں میں کشیدگی بہت بڑھ گئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس مئی میں ایران کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام پر ہوئے بین الاقوامی معاہدے سے یک طرفہ طور پر علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

گزشتہ ایک سال سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی تھی اور حالیہ مہینوں میں دونوں ملکوں کے درمیان نوبت فوجی تصادم کے قریب قریب پہنچ گئی ہے۔

ہم جاسوسوں کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟

ڈرون سے لگی گئی ویڈیو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنایران نے اپنے ڈرون گرائے جانے کی تریدید کی تھی

ایران کا کہنا ہے کہ یہ جاسوس اس سال مارچ سے قبل بارہ ماہ کے عرصے میں گرفتار کیے گئے ہیں۔

ایران کے ایک اعلیٰ خفیہ اہلکار نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ یہ سارے کے سارے جاسوس ایران کے شہری ہیں جو کچھ جوہری پروگرام سمیت حساس اور دفاعی تنصیبات میں کام کر رہے تھے اور کچھ نجی اداروں میں ملازم تھے اور ایک دوسرے سے الگ الگ اپنے کام میں مصروف تھے۔

انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ کتنوں کو موت کی سزا سنائی گئی اور کب یہ سزائیں سنائی گئیں۔

ایران کی سوڈنٹ نیوز ایجنسی کے مطابق کچھ کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے اور کچھ کو سزائے موت دی جا چکی ہے۔

ایران کے خفیہ اداروں کے وزیر محمود علوی نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ ان جاسوسوں کی گرفتاری کے بارے میں ایک دستاویزی فلم ایرانی ٹی وی پر نشر کی جائے گی۔

محمود علوی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ بیرونی ملکوں کے جاسوسوں کی نشاندہی کر کے انھیں گرفتار کیا گیا جس کے بعد انھیں عدلیہ کے حوالے کر دیا گیا اور اس بارے میں ایرانی عوام کو ایک دستاویزی فلم کے ذریعے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا اور یہ دستاویزی فلم 22 جولائی کو نشر کی جائے گی۔

امریکی بحریہ کا جہاز یو ایس ایس باکسر

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images

،تصویر کا کیپشنصدر ٹرمپ نے کہا کہ یو ایس ایس باکسر نے ڈرون کےخلاف دفاعی پوزیشن اختیار کی

اتوار کو ایران کے بین الاقوامی سطح پر نشر ہونے والے چینل پریس ٹی وی پر ایک دستاویزی فلم نشر کی گئی جس میں جاسوسوں کی نشاندھی اور ان کی گرفتاری کی تمام کارروائی دکھائی گئی۔ اس کارروائی کے بارے میں بتایا گیا کہ کس طرح جاسوسوں کا یہ نیٹ ورک ملک کا اندر کام کر رہا تھا۔

امریکہ مخالف مظاہرہ

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنتہران میں جمعے کے اجتماع میں امریکہ مخالف مظاہرہ

گزشتہ ماہ ایران نے سی آئی اے کے مبینہ جاسوسوں کے ایک نیٹ ورک کو پکڑنے کا دعوی کیا تھا لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ تازہ ترین اعلان ان ہی جاسوسوں کے بارے میں ہے یا یہ کوئی اور نیٹ ورک تھا۔