ڈیٹ پر بل ادا کیے بغیر بھاگنے والے کو 13 سال قید ہو سکتی ہے

،تصویر کا ذریعہCBS
ایک شخص جو مبینہ طور پر ریسٹورنٹ میں ڈیٹ لے کر جاتا تھا اور بِل دیے بغیر بھاگ جاتا تھا کو ممکنہ طور پر 13 سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
پال گونزیلز پر الزام ہے کہ انھوں نے کم از کم 10 خواتین کے ساتھ ڈیٹ پر کھانا کھایا اور بِل دیے بغیر بھاگ گئے۔ پال ان خواتین سے مئی 2016 اور اپریل 2018 کے درمیان ڈیٹنگ ایپس اور ویب سائٹس کے ذریعے ملے تھے۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ پال نے ان خواتین کو 950 ڈالرز کا نقصان کرایا۔
لاس اینجلیس کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے مطابق 45 سالہ پال اپنی ڈیٹس کو لاس اینجلیس کے مختلف ریسٹورنٹس میں کھانے کے لیے لے کر جاتے تھے۔
وہ مبینہ طور پر کھانا کھاتے اور شراب نوشی کرتے اور بِل ادا کیے بغیر چلے جاتے۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق آٹھ خواتین کو بِل ادا کرنا پڑا جبکہ دو میں ریسٹورنٹ نے خواتین سے بِل نہیں لیا۔
نیوز چینل سی بی ایس کے مطابق پال نے ڈیٹس پر مہنگے کھانے کھائے اور بِل ادا کیے بغیر چلے گئے۔
ایک خاتون جو ان کے ساتھ ڈیٹ پر گئی تھیں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سی بی ایس کو بتایا کہ ان کو بڑی خوشی ہے کہ پال کو ممکنہ طور پر سزا ہو گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک اور خاتون نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اب دیکھتے ہیں کہ پال جیل میں کیا کھائے گا۔ ’پال کو اب کھانے کی فکر نہیں ہو گی۔ اب اس کو دن میں تین بار کھانا ملے گا۔‘
ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کا کہنا ہے کہ پال نے صرف ریسٹورنٹ ہی کے بِل ادا نہیں کیے بلکہ انھوں نے سیلون کا بِل بھی ادا نہیں کیا۔
پال کو 27 اگست کو عدالت میں پیش کیا گیا اور وہ تین لاکھ 15 ہزار ضمانت پر رہا ہیں۔








