حضرت عیسیٰ کے متعلق گاندھی کا خط فروخت

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مہاتما گاندھی کی جانب سے مسیحی پیغمبر حضرت عیسیٰ کے بارے لکھا گیا ایک خط امریکہ میں فروخت کیا جائے گا۔
اس خط پر گاندھی کے دستخط ہیں اور اس پر تاریخ 6 اپریل 1926 کی ہے۔ یہ خط انھوں نے اس وقت کے ایک امریکی مذہبی رہنما ملٹن نیوبیری فرانتز کو لکھا تھا۔
گاندھی نے لکھا تھا کہ پیغمبر عیسیٰ انسانیت کے ’عظیم ترین استادوں میں سے ایک تھے۔‘
یہ خط کئی دہائیوں سے نجی ملکیت میں تھا اور اب اسے پینسلوینیا میں راب کلیکشن نامی ایک کمپنی 50000 ڈالر میں فروخت کر رہی ہے۔
گاندھی برِصغیر کی آزادی کی مہم کے اہم ترین رہنمائوں میں سے ایک تھے۔ مذہب کے حوالے سے وہ ہندو عقیدہ رکھتے تھے تاہم انھوں نے مذہبی فلسفے اور احکامات کے بارے میں کافی کچھ لکھا تھا۔
گاندھی نے یہ خط اپنے گھر 'گاندھی سمرِتی' سے ملٹن نیوبیری فرانتز کی جانب سے مسیحی مذہب کے بارے میں ایک کتاب پڑھنے کی درخواست کے جواب میں لکھا تھا۔
گاندھی نے لکھا ’میرے پیارے دوست، آپ کا خط ملا۔ مغذرت کے ساتھ میں اس عقیدے پر یقین نہیں لا سکتا جس کے بارے میں آپ نے مجھے دعوت دی ہے۔ اس کو ماننے والے کا عقیدہ ہوتا ہے کہ ان دیکھی حقیقت کی اعلیٰ ترین مثال عیسیٰ تھی۔ میں اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود اس بات کی حقیقت نہیں تسلیم کر سکا ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہRaab Collection
’میں اس عقیدے کے پار نہیں جا سکا ہوں کہ عیسیٰ انسانیت کے عظیم ترین استادوں میں سے ایک تھے۔ کیا آپ کا یہ خیال نہیں کہ مذہبی اتفاق پیدا کرنے کے لیے کسی ایک عقیدے کو مشینی انداز میں ماننے کے بجائے تمام عقیدوں کو عزت دینی چاہیے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
راب کلیکشن کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیق کے مطابق گاندھی کا کوئی ایسا خط مارکیٹ میں نہیں آیا جس میں انھوں نے عیسیٰ کا ذکر کیا ہو۔

مہاتما گاندھی کے حوالے سے ہونے والی چند فروخت اور نیلامیاں
- اپریل 2012 میں گاندھی کے قتل کے مقام کی مٹی اور کچھ گھاس دس ہزار پاؤنڈ میں نیلام کی گئی۔
- فروری 2013 میں گاندھی کا ایک خط نیلام کیا گیا جو انھوں نے 1943 برطانوی حکام کی قید کے دوران لکھا تھا اور اس میں انھوں نے رہائی کی اپیل کی تھی۔
- مئی 2013 میں گاندھی کی گجراتی میں لکھی وصیعت 55 ہزار پاؤنڈ میں نیلام کی گئی۔
- مئی 2013 میں ہی گاندھی کا چرخہ ایک اور نیلامی میں ایک لاکھ دس ہزار پاؤنڈ کا بیچا گیا۔ گاندھی نے یہ چرخہ بھی قید کے دوران استعمال کیا تھا۔
- مارچ 2009 میں گاندھی کی معروف عینک، ایک گھڑی، چپل، ایک پلیٹ اور پیالا نیویارک میں 18 لاکھ ڈالر کے بیچے گئے۔









