یروشلم: فرانس کے صدر کا دارالحکومت کی منتقلی پر انتباہ

یروشلم

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناسرائلی بلاشرکت غیر یروشلم کو اپنا دارالحکومت کہتا ہے جبکہ فلسطینی مشرقی یروشلم کو اپنے مستقبل کے دارالحکومت کے طور پر دیکھتے ہیں

فرانسیسی صدر امانوئل میکخواں نے صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ انھیں یروشلم کو یکطرفہ طور پر اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے منصوبے پر 'تشویش' ہے۔

میکخواں نے کہا کہ شہر کی متنازع حیثیت پر کوئی بھی فیصلہ 'اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بات چیت کے دائرۂ کار' کے اندر ہونا چاہیے۔

اس سے قبل کئی عرب اور مسلم ممالک نے اسی طرح کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی صدر رواں ہفتے یروشلم کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرنے والے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

خیال رہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی دونوں اس شہر کے اپنا دارالحکومت ہونے کا دعویٰ پیش کرتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی میں تاخیر کے دستاویزات پر دستخط کے لیے پیر کی ڈیڈ لائن کی پاسداری نہیں کر پائيں گے۔

ٹرمپ اور میکخواں

،تصویر کا ذریعہAFP/GETTY IMAGES

،تصویر کا کیپشنایسلی پیلس نے بتایا ہے کہ صدر امینیول میکخواں نے صدر ٹرمپ کو فون کرکے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے

لیکن وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگان گڈلی نے زور دے کر کہا کہ 'صدر روز ازل سے ہی اس معاملے میں واضح ہیں: یہ اگر مگر کا معاملہ نہیں بلکہ کب ہو گا کا معاملہ ہے۔'

سنہ 1995 میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کی امریکی کانگریس سے منظوری کے بعد صدر ٹرمپ سمیت تمام امریکی صدور نے ہر چھ ماہ کی مدت پر اس دستاویز پر دستخط کیا ہے جس میں منتقلی میں تاخیر کی بات کہی گئی ہے۔

یروشلم اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے تنازعے کی جڑ ہے اور عالم اسلام اور عرب دنیا فلسطین کے دعوے کی حمایت کرتی ہے۔

یہ شہر اور بطور خاص مشرقی یروشلم یہودی، مسلمان اور مسیحی برادری کے مقدس مقامات کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں

اسرائیل نے سنہ 1967 کی مشرق وسطیٰ کی جنگ میں اس حصے پر قبضہ کر لیا تھا اور وہ پورے شہر کو بلا شرکت غیر اپنا دارالحکومت قرار دیتا ہے۔

فلسطینی مشرقی یروشلم کو اپنے مستقبل کی ریاست کا دارالحکومت کہتے ہیں اور اسرائیل اور فلسطین کے درمیان سنہ 1993 کے معاہدے میں اس کی حیثیت بعد میں ہونے والے امن مذاکرات میں طے کیے جانے کی بات کہی گئی ہے۔

ٹرمپ اور نتن یاہو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبی بی سی کے امریکی وزارتِ خارجہ کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان اصل میں ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اپنے ایک انتخابی وعدے کو پورا کیا جانا ہو گا

بین الاقوامی سطح پر اسرائیل کے یروشلم پر اختیار کو کبھی قبول نہیں کیا گیا ہے اور اسرائیل کے قریب ترین حلیف امریکہ سمیت تمام ممالک کے سفارت خانے ابھی تک تل ابیب میں ہی ہیں۔

سنہ 1967 کے بعد سے اسرائیل نے مشرقی یروشلم میں کئی بستیاں آباد کی ہیں جن میں دو لاکھ یہودیوں کے لیے مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ بین الاقوامی قوانین کے تحت یہ تعمیرات غیر قانونی ہیں۔

اگر امریکہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتا ہے تو یہ بین الاقوامی برادری سے علیحدہ اسرائیل کے دعوے کی تائید کرے گا کہ مشرق میں تعمیر ہونے والی اسرائیلی آبادیاں جائز ہیں۔

بین الاقوامی رد عمل

سعودی عرب نے پیر کو کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے مسئلے کے حتمی تصفیے سے قبل ایسا کوئی قدم 'امن مذاکرات پر مضر اثرات مرتب کرے گا۔'

فلسطینی صدر محمود عباس نے عالمی رہنماؤں سے مداخلت کی اپیل کی ہے کہ اس قسم کا امریکی فیصلہ 'امن کے عمل کو تباہ کر دے گا۔'

اردن نے اس کے 'سنگین نتائج' پر متنبہ کیا ہے جبکہ عرب ليگ کے سربراہ ابوالغیث نے کہا کہ اس قسم کے اقدام سے تشدد اور مذہبی جنون کو تقویت ملے گی۔

ترکی کے نائب وزیر اعظم بکیر بوزداغ نے کہا ہے کہ اس سے بڑی تباہی آئے گی۔