100 وومن: کیا زرعی شعبے میں خواتین کی تعداد میں اضافے سے وہ بااختیار ہوئی ہیں؟

Japanese agricultural worker in a rice field

،تصویر کا ذریعہBEHROUZ MEHRI / AFP

روسالینہ بالیسٹیروز کا کہنا ہے کہ 'ہمارے پاس بہت ساری اروی ہے، ہمیں خریداروں کی ضرورت ہے‘۔

وہ کولمبیا کی شمالی ساحلی پٹی پر ایک پہاڑی علاقے میں رہتی ہیں اور کاشت کاری کرتی ہیں۔ اس سال اُن کی فصل کی پیداوار بہت اچھی رہی لیکن طلب کم ہے اور اروی خراب ہو رہی ہے۔

اس کمیونٹی نے مدد کے لیے یو ٹیوب کو استعمال کیا۔

کولمبیا میں وائرل ہونے والی 40 سکینڈ کی ویڈیو میں کاشت کار کہہ رہی ہیں کہ ’ہم سے اروی خریدیں اور اُن کی مدد کریں‘۔

ویڈیو میں ایک خاتون کاشتکار نے اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کرتے ہوئے کہا کہ 'اروی ہڈیوں کے جوڑوں میں سوزش اور قبض میں مفید ہے‘۔

کرغستان کے پسماندہ دیہات میں رہنے والی 32 سالہ ایناگل، پانچ بچوں کی ماں ہیں، انھوں نے بھی مدد مانگی ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ 'انھوں نے کاشتکاری اور ڈرپ ایریگیشن سسٹم لگانے میں میری مدد کی۔ وہ اب اپنی زمین پر ٹماٹر، کھیرے اور گاجریں اُگاتی ہیں۔

Yam farmers in Colombia in a YouTube video

،تصویر کا ذریعہFundacion Semana / YouTube

،تصویر کا کیپشناپنی پیداوار فروخت کرنے کے لیے کولمبیا کی خاتون کسانوں نے یو ٹیوب استعمال کیا

دوسری جانب شمالی لاؤس میں رہنے والی وینگ کا گزر بسر مشرومز کی پیداوار پر ہے۔ اُن کی کمیونٹی میں جنگلی مشرومز کو تلاش کر کے جمع کرنے کی روایت پرانی ہے لیکن وہ مشرومز کی کاشتکاری کے بارے میں کم ہی جانتی تھیں۔

پھر انھوں نے مشرومز کی کاشت کے بارے میں تربیت لی اور اب وہ اسے بازار میں فروخت کرتی ہیں۔

مختلف زمینوں اور ملکوں میں یہ خواتین اُس ابھرتے ہوئے رجحان کا حصہ ہیں جہاں کام کرنے والی خواتین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ترقی پذیر ممالک میں زرعی شعبے میں اوسطً 43 فیصد افرادی قوت خواتین پر مشتمل ہے اور ماہرین کے خیال میں گذشتہ دو دہائیوں میں زرعی شعبے میں خواتین کے کام کرنے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے برائے خوراک و زراعت کی ایک رپورٹ کے مطابق اس بات کے ’واضح شواہد‘ موجود ہیں کہ زراعت میں خواتین کا کردار بڑھا ہے کیونکہ خواتین کے اس شعبے میں آنے کے بعد مرد زرعی شعبے میں اب نوکریاں نہیں کر رہے ہیں۔

انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق اقتصادی طور پر سرگرم خواتین کی ایک چوتھائی تعداد زرعی شعبے سے منسلک ہیں۔

Mushroom farmer in Laos

،تصویر کا ذریعہFAO / Oscar Castellanos

،تصویر کا کیپشنوینگ نے مشرومز اُگانے کا طریقہ سیکھا اور اب وہ اس کی کاشت کرتی ہیں

گو کہ ان اعداد و شمار میں علاقائی طور پر فرق پایا جاتا ہے۔ ملازمت فراہم کرنے میں زرعی شعبے کا اہم کردار ہے لیکن امیر اور غریب ممالک میں یہ شرح مختلف ہے کیونکہ امیر ممالک میں مرد و خواتین صنعتوں اور خدمات کے شعبوں میں ملازمت کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

پھر سوال یہ ہے کہ زرعی شعبے میں خواتین کا کردار کہاں بڑھا ہے؟

یہ رجحان سب سے زیادہ شمالی افریقہ میں دیکھنے کو ملا جہاں زراعت میں خواتین کا کردار 30 فیصد سے بڑھ کر 43 فیصد ہو گیا ہے۔ ایسے ہی رجحانات مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا، لاطینی امریکہ میں دیکھنے کو ملے۔

نیم صحرائی افریقی علاقوں میں زرعی شعبے میں خواتین کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا ہے۔ تین دہائیاں قبل یہاں زراعت میں خواتین مزدوروں کی تعداد میں 60 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے خیال میں یہاں پہلے سے ہی خواتین کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

مرد تارکینِ وطن کا بوجھ

Ainagul Abdrakhmanova (left) with one of the women who helped with her harvest

،تصویر کا ذریعہUN Women / Meriza Emilbekova / JPRWEE

،تصویر کا کیپشنکرغستان کے پسماندہ دیہات میں رہنے والی 32 سالہ ایناگل نے دوسری خواتین کو بھی کام کرنے کی ترغیب دی

کاشتکاری میں خواتین کا بڑھتا ہوا کردار مثبت اقدام ہے۔ کچھ خواتین خود اپنی زمینوں پر کاشتکاری کرتی ہیں تو کچھ کسی اور کی زمین پر ملازمت کرتی ہے۔

گو کہ خواتین کے اس بڑھتے ہوئے کردار کا مطلب خواتین کا با اختیار ہونا ہر گز نہیں ہے بلکہ اس کی اہم وجہ مردوں کا ہجرت کر کے دوسری جگہ جانا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین کے مقابلے میں مردوں میں بہتر مواقعوں کی تلاش کے لیے شہری علاقوں کا رخ کرنے کا رجحان زیادہ ہے۔ اس لیے جو خواتین پیچھے رہ جاتی ہیں انھیں اکثر زمینوں پر زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔

زرعی شعبے کی افرادی قوت میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے لیکن اُن کی ملازمت کی نوعیت اکثر غیر واضح ہوتی ہے۔ خواتین اکثر اوقات جز وقتی ملازمت کرتی ہیں۔

عالمی بینک کے تجزیے کے مطابق تنخواہ دار خواتین کی ملازمتوں میں بھی زیادہ تر نوکریاں مزدوری یا کم ہنر مندی کی ہوتی ہیں۔ انتظامی طور پر موجود محدود آسامیوں پر زیادہ تر مرد کام کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر خواتین کاشت کاری کرتی ہیں تو مارکیٹنگ اور رقم وصولی کی ذمہ داری مردوں کی ہی ہوتی ہے۔

تنخواہوں میں فرق

Woman taking water from a well in Liwa, south of Abu Dhabi

،تصویر کا ذریعہKARIM SAHIB / AFP

،تصویر کا کیپشندیہی علاقوں میں پانی بھرنا اور ایندھن جمع کرنا کا کام بھی عورتیں کرتی ہیں

دستیاب شواہد کے مطابق اکثر خواتین کی تنخواہ مردوں کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صنف کے لحاظ سے آمدن میں فرق ہے اور 14 ممالک میں خواتین کی اوسطً تنخواہیں مردوں کے مقابلے میں 28 فیصد کم ہیں۔

ماہرین کے خیال میں 'پیداوار کا فرق' ہے اور ترقی پذیر ملکوں میں خواتین کاشتکاروں کی پیداوار اوسط پیدوار سے 20 سے 30 فیصد کم ہے اور کم پیداوار کا الزام خانگی امور کی ذمہ داری ادا کرنے پر عائد کیا جاتا ہے۔

ایف اے او کا کہنا ہے کہ کئی معاشروں میں گھر بار سنھبالنا اور بچوں کی دیکھ بہال کی ذمہ دار خواتین ہوتی ہیں اور دیہی علاقوں میں پانی لانا، ایندھن جمع کرنے کا کام بھی عورتیں کرتی ہیں۔ اسی وجہ سے آمدن کمانے والے ذرائع میں اُن کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔

ایف اے او کی پروگرام اسسٹنٹ ماریہ لوئیس کے مطابق 'خواتین کے لیے یہ بہت مشکل ہے کہ وہ روایات کو چیلنج کریں۔'

Tunisian rural women prepare red peppers which are used in the making of harissa paste, in the Kairouan province south of Tunis

،تصویر کا ذریعہFETHI BELAID/ AFP/ Getty Images

،تصویر کا کیپشنماہرین کا کہنا ہے کہ فوڈ پراسیسنگ اور دوسرے ویلیو ایڈیشن سے معاشرے میں صنفی عدم مساوات کم کی جا سکتی ہے

خواتین بحیثیت مددگار

زراعت میں خواتین کی ملازمتیں بڑھنے سے کافی فائدہ ہوا ہے۔

28 سالہ سانیہان تھیرا چار بچوں کی ماں ہیں، اُن کا تعلق مالی کے وسطی دیہات سے ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ 'آج میں کم کاروبار والے سیزن کے بارے میں زیادہ پریشان نہیں ہوں۔ اب ہم نئی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جو ہمیں زیادہ مضبوط بناتی ہیں‘۔

وہ اُن خواتین میں شامل ہیں جنھیں ایف اے او کی جانب سے ’خصوصی زرعی کِٹس' ملی ہیں جس میں مٹر، باجرہ اور اعلیٰ معیار کی سبزیوں اور پھلوں کے بیج شامل ہیں۔

اس نئی تکنیک کی مدد سے مالی کی خواتین اُن اوقات میں آمدن کما سکتی ہیں جب اُن کے شوہر ملازمت کے لیے علاقے میں موجود نہیں ہوں گے۔

تھیررا نے کہا کہ 'آئندہ آنے والے مہینوں کے لیے ہمارے پاس اضافی خوراک موجود ہے‘۔

دنیا بھر میں کئی تنظمیں اور این جی اوز ایسی تکنیکیں متعارف کروا رہی ہیں جس میں محنت کم کی جائے اور خواتین کو قرضے فراہم کیے جائیں۔ یہ دونوں عناصر چیزوں کو مثبت طور پر بدل کر رکھ سکتے ہیں۔

خواتین کو سماجی طور پر با اختیار بنانے کے لیے زمین کے ملکیت بہت اہم ہے اور ترقی پذیر ممالک میں خواتین اور مردوں میں جائیداد کی ملکیت کے قوانین مختلف ہیں۔

Sanihan Thera with her child in the village of Baramadougou, central Mali

،تصویر کا ذریعہFAO / Nadege Boro

،تصویر کا کیپشن28 سالہ سانیہان کا خاندان 13 افراد پر مشتمل تھا اور اُن کا گزر بسر بہت مشکل سے ہوتا تھا

شواہد کے مطابق کوئی بھی شخص زمین کی ملکیت اور اُس پر کاشتکاری سے بہت با اختیار ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پالیسی میں تبدیلی تو آغاز ہے لیکن زیادہ توجہ سماجی روایات پر دینا ہو گی جو خواتین کو وراثت میں حق دینے کے خلاف ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زرعی شعبے میں زیادہ خواتین کے کام کرنے سے کسی حد تک معاشرے میں صنفی عدم توازن تو کم ہو گا لیکن اس کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔