کویت میں منشیات سمگل کرنے والا کبوتر پکڑا گیا

کویت میں ذرائع ابلاغ کے مطابق کسٹم حکام نے منشیات سمگل کرنے والے ایک کبوتر کو پکڑا ہے۔

کویت کے اخبار لرائی کے مطابق کبوتر پر نصب کپڑے کے ایک ننھے تھیلے میں ممنوعہ 178 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

اخبار کے مطابق کبوتر کو عراق کی سرحد کے قریب واقع علاقے عبدالی میں کسٹم کی عمارت کے قریب سے پکڑا گیا۔

الرائی کے ایک صحافی کا کہنا ہے کہ پکڑی گئی گولیاں غیر قانونی ڈرگ پارٹیوں میں استعمال ہوتی ہیں۔

عبداللہ فہمی نے بی بی سی کو بتایا کہ کسٹم حکام پہلے سے ہی آگاہ تھے کہ کبوتروں کے ذریعے منشیات سمگل کی جا رہی ہیں تاہم ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ سمگلنگ کرتے ہوئے کبوتر کو پکڑا گیا۔

تاہم دیگر ممالک میں قانون نافذ کرنے والے حکام نے ایسے واقعات رپورٹ کیے ہیں جن میں کبوتروں کے ذریعے اعلیٰ معیار کی منشیات سمگل کی جا رہی تھیں۔

سال 2015 میں کوسٹا ریکا کی ایک جیل کے محافظوں نے جیل میں کوکین اور بھنگ لے جانے والے ایک کبوتر کو پکڑا تھا۔

2011 میں کولمبیا میں حکام نے ایک کبوتر کو پکڑا تھا جو منشیات کی زیادہ مقدار کے وزن کی وجہ سے جیل کی دیوار عبور کرنے میں ناکام رہا تھا۔

اس کے علاوہ انڈیا کے سرحدی محافظوں نے پاکستان کی حدود سے آنے والے ایسے کبوتروں کو پکڑنے کا دعوٰی کیا ہے جنھیں مبینہ طور پر جاسوسی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔