آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
انڈیا: ’جاسوس کبوتر جانباز خان‘ فرار ہونے میں کامیاب
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کو ملکی حدود میں داخل ہونے کے بعد پکڑا جانے والا مبینہ پاکستانی جاسوس کبوتر پولیس کی لاپرواہی کے نتیجے میں فرار ہونے میں کامیاب رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق راجستھان پولیس کا ایک اہلکار کبوتر کے معائنے کے لیے اسے پنجرے سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہا تھے تاہم جیسے ہی پنجرا کھلا کبوتر اُڑ گیا۔
اس کبوتر کو پولیس نے ضلع سری گنگا نگر کے علاقے میں تقریباً دو گھنٹے کی محنت کے بعد بڑی مشکل سے قید کیا تھا۔
سکرول نامی ایک ویب سائٹ نے ٹریبیون کے حوالے سے لکھا ہے کہ ایک ہیڈ کانسٹیبل نے جب پنجرا کھولا تو اس کی لاپرواہی کے سبب کبوتر بھاگ نکلنے میں کامیاب رہا۔
پولیس نے اس کبوتر کے بارے میں انٹیلیجنس ایجینسیوں کو بھی مطلع کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اس کبوتر پر 5547 نمبر کے ساتھ جانباز خان کا ایک ٹیگ لگا تھا اور اس پر ایک فون نمبر بھی لکھا ہوا تھا۔
کہا جارہا ہے کہ جونھی کبوتر اڑا، حکام نے اس بارے میں الرٹ جاری کیا لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کبوتر اڑتے ہوئے پاکستان کی جانب نکل گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پنجاب یا راجستھان کے سکیورٹی حکام نے پاکستان کی طرف سے آنے والے کبوتروں کو جاسوس سمجھ کر پکڑا ہو۔
گذشتہ اکتوبر کے مہینے میں بھی لائن آف کنٹرول پر ایسے ہی ایک کبوتر کی آمد پر الرٹ جاری کیا گيا تھا۔ بعد میں اسے پکڑا گيا اور بتایا گیا تھا کہ کبوتر جو پیغام لایا تھا اس میں نریندر مودی کو دھمکیاں دی گئی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی