یونائیٹڈ ایئر لائنز اور گھسيٹ كر باہر نکالے گئے مسافر کے درمیان مالی سمجھوتہ طے پا گیا

،تصویر کا ذریعہJAYSE D ANSPACH
امریکہ کی یونائیٹڈ ایئر لائنز اورجہاز سے گھسيٹ كر باہر نکالے گئے ایک شخص کے درمیان مالی سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں یونائیٹڈ ایئرلائنز کی شگاگو سے جانے والی ایک پرواز کے اڑان بھرنے سے قبل 69 سالہ مسافر کو گھسیٹ کر طیارے سے باہر نکال دیا گیا تھا۔
یہ مسافر ویتنامی نژاد ڈاکٹر ڈیوڈ دؤ تھے جو دو عشروں سے امریکی ریاست کنٹکی میں مقیم ہیں۔
ڈاکٹر دؤ کے وکلا کا کہنا ہے کہ معاوضے کی ادائیگی کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ رقم کے بارے میں عوام کو نہیں بتایا جائے گا۔
ڈاکٹر دؤ کے وکلا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یونائیٹڈ ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آسکر منوز کا ’کہنا تھا کہ وہ درست اقدام کریں گے، اور انھوں نے ایسا ہی کیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں پیش آنے والے اس واقعے میں جہاز میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کی بکنگ کے بعد جہاز کے عملے نے چار مسافروں کو اپنی مرضی سے سیٹیں چھوڑنے کا کہا تھا۔
جب مسافروں نے رضاکارانہ طور پر سیٹیں چھوڑنے سے انکار کیا تو جہاز کے عملے نے خود چار مسافروں کو چنا لیکن جب ایک مسافر نے سیٹ چھوڑنے سے انکار کیا تو اسے سکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے گھسیٹ کر طیارے سے اتارا گیا۔
اس مسافر کو جہاز سے گھسیٹ کر نکالنے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس پر یونائیٹڈ ایئر لائن کو معافی مانگنی پڑی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ڈاکٹر ڈیوڈ دؤ کو زبردستی باہر نکالنے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا میں غصہ پھیلا اور لاکھوں لوگوں نے اس ویڈیو کو دیکھا۔
ویڈیو سامنے کے بعد یونائیٹڈ ایئرلائنز نے اپنے ملازمین کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسافر ’اڑیل اور جھگڑالو‘ تھا اور اسے ہوائی جہاز سے نکالنے کے لیے طے شدہ طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔
اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد ہوائی کمپنی کی مالک کمپنی کے حصص میں چار فیصد سے زیادہ کمی ہوئی اور اپنی بکنگ پالیسیوں میں تبدیلی بھی کی ہے۔
یونائیٹڈ ایئر لائنز نےاعلان کیا ہے کہ طیارے میں زیادہ مسافروں کی بکنگ کی صورت میں رضاکارانہ طور پر سیٹ چھوڑنے پر دس ہزار ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔










