’موگابے کی لاش بھی انتخابات جیت جائے گی‘

،تصویر کا ذریعہReuters
زمبابوے کے بانوے سالہ صدر رابرٹ موگابے کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر اتنے مقبول ہیں کہ ان کے مرنے کی صورت میں اگر ان کی لاش کو انتخابات میں کھڑا کیا جائے تو وہ بھی ملک میں اگلے سال ہونے والے انتخابات جیت جائے گی۔
گریس موگابے نے یہ بات ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔
رابرٹ موگابے سنہ 1980 سے زمبابوے میں اقتدار میں ہیں اور ماضی میں ان پر ملک میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی کروانے کے الزامات بھی لگتے رہے ہیں۔
ملک کے دارالحکومت ہرارے میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے 51 سالہ گریس موگابے کا کہنا تھا کہ ’ایک دن جب خدا کی مرضی سے رابرٹ موگابے فوت ہو جائیں گے تو ہم ان کی لاش کو انتخابات میں کھڑا کریں گے۔‘
زمبابوے کی خاتونِ اول کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ دیکھیں گے کہ لوگ موگابے کی لاش کو بھی ووٹ دیں گے، میں یہ بات آپ کو سنجیدگی سے بتا رہی ہوں۔ لوگ ایسا صدر کے ساتھ اپنا پیار دیکھانے کے لیے کریں گے۔‘
خیال رہے کہ ملک میں اگلے سال ہونے والے انتخابات میں صدر موگابے کی جماعت انھیں دوبارہ بطور امیداوار کھڑا کرنا چاہتی ہے۔
حالیہ عرصے میں 92 سالہ موگابے نے اپنی عوامی مصروفیات میں کچھ کمی کر دی ہے۔
صدر موگابے کی صحت کے بارے میں مختلف افوائیں بھی سامنے آتی رہی ہیں اور گزشتہ برس جب وہ اپنے طبی چیک اپ کے لیے دبئی گئے تھے تو ان کے فوت ہو جانے کی افواہ پھیل گئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







