آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
میرے آنے تک حوصلہ بلند رکھو: ٹرمپ کا اسرائیل کو پیغام
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو اپنےعہدے کا حلف سنبھالنے تک حوصلہ بلند رکھنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی کو بھی اسرائیل کے ساتھ حقارت آمیز رویہ اختیار کرنے نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ پچھلے ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کی جانب سے غربِ اردن میں غیر قانونی بستیوں کے قیام کے خلاف ایک قرارداد منظور کی ہے۔
سلامتی کونسل کے 15 رکن ممالک میں سے 14 نے اس قرارداد کی حمایت میں ووٹ ڈالے جبکہ امریکہ نے ووٹ ڈالنے سے انکار کر دیا۔ تاہم امریکہ نے اس موقعے پر قرارداد کے خلاف ویٹو کا حق بھی استعمال نہیں کیا۔
ماضی میں امریکہ نے ایسی قراردادوں کو ویٹو کر کے اسرائیل کی مدد کی ہے۔ تاہم اوباما انتظامیہ نے روایتی امریکی پالیسی چھوڑ کر اس مرتبہ اس قرارداد کو منظور ہونے دیا ہے۔
قرارداد کی منظوری کے بعد اسرائیل نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ واشنگٹن نے اس ووٹ کی حمایت کی۔
اسرائیل اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور تل ابیب میں امریکی سفیر کو طلب کیا گیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو جو وزیر خارجہ بھی ہیں نے امریکی سفیر ڈین شپیرو کو وزیر اعظم ہاؤس طلب کر کے یہ غیر معمولی قدم اٹھایا۔
اسرائیل نے اپنے قریبی حلیف امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ اس نے سلامتی کونسل میں ووٹنگ کے لیے پس پردہ راہ ہموار کی۔ تاہم امریکہ نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ یہ قرارداد مصر کی جانب سے پیش کی گئی تھی تاہم گذشتہ چند روز میں امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت کے بعد مصر نے اسے موخر کر دیا تھا۔ اس کے بعد سلامتی کونسل کے دیگر ممالک نیوزی لینڈ، سینیگال، وینزویلا، اور ملائیشیا نے اس قرارداد کو دوبارہ پیش کیا اور اسے منظور کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔