اقتدار کی منتقلی میں کوئی خلل نہیں پڑا: ٹرمپ

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار کی منتقلی کے معاملے پر تنقید کے بعد اپنے اقدامات کا دفاع کیا ہے۔ اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ ان کی اپنی ٹیم اختلافات کا شکار ہو گئی ہے۔
انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'نئی کابینہ اور دوسرے عہدوں کا انتخاب بے حد منظم' طریقے سے کیا جا رہا ہے۔'
امریکی میڈیا نے خبر دی تھی کہ منتقلی کے عمل کے ذمہ دار دو سینیئر ارکان کو قومی سکیورٹی کے معاملے پر اختلافات کے بعد الگ کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ صدارتی انتخاب میں رپبلکن پارٹی کے امیدوار اور پراپرٹی ٹائیکون ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرمتوقع طور پر ہلیری کلنٹن کو شکست دی تھی۔
انھوں نے نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی کی جگہ نومنتخب نائب صدر مائیک پینس کو منتقلی اقتدار کے معاملات طے کرنے والی ٹیم کا سربراہ تعینات کردیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تبدیلی کے پیچھے ڈونلڈ ٹرمپ کے داما اور قریبی مشیر جیرڈ کشنر ہیں۔
کرس کرسٹی نیوجرسی کے اٹارنی جنرل تھے جب سنہ 2004 میں کشنر کے والد پر مقدمہ چلاتھا اور ریاست میں ٹیکس جوری، غیرقانونی مہم کے ذریعے چندہ اکٹھا کرنے اور شواہد میں ردوبدل کرنے پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔
کانگریس کے سابق رکن اور ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین مائیک روجرز نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ وہ چھوڑ کر جار رہے ہیں۔ وہ منتقلی اقتدار میں قومی سکیورٹی کے معاملات دیکھ رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نیویارک ٹائمز کے مطابق وہ اور قومی سکیورٹی ٹیم کے ایک اور رکن میتھیو فریڈمین کو برطرف کیا گیا ہے۔
مائیک روجرز کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ کرس کرسٹی کے قریبی ساتھی ہیں جبکہ میتھیو فریڈمین کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ پال منافورٹ کے ساتھی ہیں جنھوں نے اگست میں ٹرمپ کی انتخابی مہم کے مینجر کے طور پر علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAP
تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ کابینہ اور دیگر عہدوں کے بارے میں فیصلہ کر رہے ہیں اور بہت منظم انداز سے کام ہورہا ہے۔
انھوں نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 'صرف میں ہی جانتا ہوں کہ حتمی (عہدیدار) کون ہوں گے۔'
نیویارک کے سابق میئر روڈولف گیولیانی کو بھی ایک سینیئر عہدہ دیے جانے کے بارے میں بات کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صدارتی منتقلی ہمیشہ ایک پیچیدہ عمل رہا ہے اور اس قسم کی خرابیاں معمول کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2017 کو بطور صدر حلف اٹھائیں گے۔










