آصف کا ٹیسٹ اٹھارہ اگست کو | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد آصف کے بی سامپل کے ٹیسٹ کی نئی تاریخ اٹھارہ اگست مقرر کی ہے۔ یہ تیسرا موقع ہے کہ آئی پی ایل نے محمد آصف کو سوئٹزرلینڈ کا ویزا نہ ملنے کے بعد یورین کے بی سامپل کے لیبارٹری تجزیے کی تاریخ میں تبدیلی کی ہے۔ آئی پی ایل کے دوران مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے بعد محمد آصف نے اس رپورٹ کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے یورین کے بی سامپل کے ٹیسٹ پر اصرار کیا تھا جس کے لیے انہیں سوئٹزرلینڈ کی اسی لیبارٹری میں پیش ہونے کو کہاگیا تھا جس میں ان کے یورین کا اے سامپل ٹیسٹ ہوا تھا۔ محمد آصف کو پہلی مرتبہ اٹھائیس جولائی کو سوئٹزرلینڈ جانا تھا لیکن ویزا نہ ملنے کے سبب انہوں نے اپنے وکیل شاہد کریم کے توسط سے آئی پی ایل سے درخواست کی کہ اس تاریخ میں تبدیلی کی جائے۔ تاہم جب آئی پی ایل نے پانچ اگست کی نئی تاریخ مقرر کی تو اس وقت بھی سوئس سفارتخانہ محمد آصف کو ویزا نہیں دے سکا۔ محمد آصف کے وکیل شاہد کریم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس صورتحال کو مایوس کن قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کے بارے میں امریکہ اور یورپی ممالک کی سخت ویزا پالیسیاں بروقت ویزے کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں اور وہ جلد سوئٹزرلینڈ کا ویزا حاصل نہیں کرپا رہے ہیں۔ شاہد کریم کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں آئی پی ایل بھی کوئی کردار ادا نہیں کرسکتی سوائے اس کے کہ وہ سوئس لیبارٹری کا خط اپنے دعوت نامے کے ساتھ انہیں بھجوادے جو وہ دو مرتبہ کرچکی ہے۔ محمد آصف نے خود کو بے گناہ ثابت کرنے کے لئے انگلینڈ کے اسپورٹس میڈیسن ماہر ڈاکٹر گراہم ڈورگن کی خدمات بھی حاصل کر رکھی ہیں۔ انہوں نے ڈوپنگ کے معاملات کے ماہر مارک گے سے بھی رابطہ کیا تھا لیکن انہوں نے بیجنگ اولمپکس میں مصروف ہونے کے سبب محمد آصف سے معذرت کرلی تھی۔ محمد آصف کے معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے افسران بالا کے بیانات میں بھی تضاد نظر آرہاہے۔ چند روز قبل پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت حسین نغمی نے کہا تھا کہ بورڈ اس سلسلے میں محمد آصف کی مدد نہیں کرسکتا کیونکہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے تاہم اب بورڈ کے ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز ندیم اکرم کا کہنا ہے کہ بورڈ فاسٹ بولر کی مدد کے لیے تیار ہے۔ محمد آصف کا کریئر ممنوعہ قوت بخش ادویات کے ضمن میں شہ سرخیوں میں رہا ہے۔وہ دوسال قبل بھی ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کے مرتکب پائےگئے تھے جبکہ حال ہی میں انہیں دبئی ائرپورٹ پر مشکوک شے کی برآمدگی پر انیس روز تک حراست میں رکھا گیا تھا۔ دبئی کے پراسکیوٹر کے مطابق ان سے برآمد ہونے والی شے مبینہ طور پر افیون تھی۔ | اسی بارے میں آصف رہا ، وطن واپس پہنچ گئے 20 June, 2008 | کھیل ’ آصف نے ممنوعہ دوا استعمال کی‘14 July, 2008 | کھیل ٹیسٹ کے نتائج پر آصف کی حیرانی14 July, 2008 | کھیل پی سی بی نے آصف کومعطل کر دیا15 July, 2008 | کھیل آصف کو ’ کلیئر‘ سگنل مل گیا18 July, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||