وولمر قدرتی موت کا شکار: اخبار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جمیکا کے ایک اخبار نے ’ذرائع‘ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سکاٹ لینڈ یارڈ کی تفتیش میں بات سامنے آئی ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ باب وولمر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوئے اور انہیں قتل نہیں کیا گیا۔ اٹھاون سالہ باب وولمر اٹھارہ مارچ کو ہوٹل میں اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے۔ جمیکا کے اخبار ’جمیکا گلینر‘ نے برطانوی تفتیشی ادارے سکاٹ لینڈ یارڈ کے ذرائع کے حوالےسے بتایا ہے کہ وولمر کو قتل نہیں کیا گیا لیکن جمیکا کی پولیس اپنے مؤقف پر قائم ہے کہ وولمر کا قتل ہوا۔ خبر رساں ایجنسی اے پی نے بتایا کہ لندن میں سکاٹ لینڈ یارڈ نے ’جمیکا گلینر‘ کی خبر پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جمیکا کے حکام کی طرف سے کروائے گئے ٹوکسیکولوجی ٹیسٹ پر بات نہیں کر سکتے۔ جمیکا پولیس کے ترجمان نے اخبار میں شائع ہونے والی خبر پر تنقید کی اور کہا ہے کہ اس موقع پر تفتیش میں پیش رفت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔ پولیس کی ترجمان نے اے پی کو بتایا کہ ’اتوار کے روز اخبار میں شائع ہونے والی قیاس آرائیاں ان غیر مددگار خبروں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جو تفتیش شروع ہونے کے بعد تواتر سے ذرائع ابلاغ میں آتی رہی ہیں‘۔ اے پی کی رپورٹ ہے کہ جمیکا گلینر نے اپنی خبر کے ذرائع واضح نہیں کیے اور صرف اتنا بتایا ہے کہ وہ لندن میں ہیں۔ باب وولمر کی ہلاکت کے بعد یہ بھی کہا گیا ہے کہ باب وولمر کو زہر دیا گیا۔ جمیکا کی پولیس نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ موت کی وجہ واضح نہیں پھر انہوں نے بتایا کہ وولمر کا گلا گھونٹا گیا۔ اے پی نے بتایا کہ جمیکا جانے والے پاکستانی پولیس کے دو اہلکاروں میں سے ایک میر زبیر محمود نے سات مئی کو بتایا تھا کہ تفتیش اب تک اس بارے میں ’بے نتیجہ‘ ہے کہ وولمر قتل کیے گئے یا ان کی موت قدرت ہی تھی۔ | اسی بارے میں ’پولیس کو بوتلوں کا علم ہے‘11 May, 2007 | کھیل پی جے میر کا نیا ’انکشاف‘10 May, 2007 | کھیل وولمر فوٹیج، ٹی وی چینلز کو نوٹس08 May, 2007 | کھیل وولمرکیس: رپورٹ وزارت داخلہ میں 07 May, 2007 | کھیل وولمر کی آخری رسومات05 May, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||