ٹیم کا اعلان، آصف نئے نائب کپتان | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابوظہبی ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی سولہ رکنی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے اور محمد آصف کو ٹیم کا نیا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم میں دو نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز فواد عالم اور فاسٹ بالر نجف شاہ شامل ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی حال ہی میں بنگلہ دیش میں ہونے والے سہ فریقی ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے رکن تھے جبکہ فواد عالم اس ٹیم کے کپتان بھی تھے۔ یہ دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ پاکستان کی قومی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ پیر کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں دو پریس کانفرنس ہوئیں پہلی پریس کانفرنس میں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین صلاح الدین صلو نے ٹیم کا اعلان کیا جبکہ دوسری پریس کانفرنس میں پی سی بی کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے نائب کپتان کی تعیناتی کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر نسیم اشرف نے محمد آصف کو نائب کپتان بنانے کے اپنے فیصلے کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ محمد آصف بہت زبردست کھلاڑی ہیں اور ٹیم میں ان کی جگہ یقینی ہے، انہیں کرکٹ کی کافی بہتر سوجھ بوجھ ہے اور ان کی سب سے بڑی خوبی ہے کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان ٹیم کے لیے کھیلا ہے اور اپنی ذات سے بالاتر ہو کر ٹیم کے لیے کارکردگی دکھائی ہے۔ ادھر سلیکشن کمیٹی نے اس سے قبل پندرہ کھلاڑیوں کے سکواڈ کا اعلان کرنے کو کہا تھا جبکہ آج سولہ کھلاڑیوں کی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ منتخب کردہ ٹیم میں پانچ فاسٹ بالرز رکھے گئے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین صلاح الدین صلو کے بقول راؤ افتخار اور نجف شاہ دونوں ہی بہت اچھے بالر ہیں اس لیے دونوں کو موقع دیا جا رہا ہے۔ ٹیم میں تین اوپنر ہیں۔ عمران نذیر کو ان کی عالمی کپ میں زمبابوے کے خلاف 160 رنز بنانے پر رکھا گیا ہے اور صلاح الدین صلو کے مطابق اگر اتنی اچھی اننگز کے بعد انہیں نہ رکھا جاتا تو یہ ان کے ساتھ زیادتی ہوتی۔ ان کے علاوہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سلمان بٹ اور محمد حفیظ اوپنر کے طور پر ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ سلمان بٹ کی کیمپ میں کارکردگی ان کے انتخاب کی وجہ بنی جبکہ محمد حفیظ کو شامل کرنے کے فیصلے پر چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹنگ بھی اچھی ہے اور اس کے علاوہ وہ بہت اچھے فیلڈر بھی ہیں۔ ٹیم میں تین مڈل آڈر بیٹسمین محمد یوسف، یاسر حمید اور فواد عالم شامل ہیں۔ پریس کانفرنس میں ٹیم کے کپتان شعیب ملک بھی موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ ٹیم بنانے میں ان سے مکمل طور پر مشورہ کیا گیا تھا اور دستیاب کھلاڑیوں میں سے بہترین ٹیم چنی گئی ہے اور وہ اس سے مطمئن ہیں۔ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: شعیب ملک (کپتان)، محمد حفیظ، محمد یوسف، فواد عالم، عبدالرزاق، عبدالرحٰمن، محمد آصف(نائب کپتان)، راؤ افتخار، سلمان بٹ، عمران نذیر، یاسر حمید، شاہد آفریدی، کامران اکمل(وکٹ کیپر)، محمد سمیع، عمر گل اور نجف شاہ۔ | اسی بارے میں جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے: شعیب06 May, 2007 | کھیل کرکٹ ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتے05 May, 2007 | کھیل ’تیاری کے لیے مزید وقت مل گیا‘03 May, 2007 | کھیل پاکستان، سری لنکا، ابو ظہبی سیریز 02 May, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||