مناء رانا بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 | | | نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے چانسز بھی روشن ہیں: انضمام الحق |
پاکستان کی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے عالمی کپ کے فائنل کے لیے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ انضمام الحق نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بنگلہ دیش سے ہارنے کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم فائنل کھیلنے کی اہل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کی اگر گزشتہ برسوں کی کارکردگی کو دیکھا جائے تو دونوں نے تسلسل کے ساتھ اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے لہذا فائنل میں ان دونوں کے پہنچنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ انضمام الحق کے مطابق سیمی فائنل مقابلوں میں ٹیموں پر بہت دباؤ ہوتا ہے اور جو ٹیمیں اس دباؤ کی صورتحال سے بہتر طور سے نمٹ لیتی ہیں وہی کامیاب ہوتی ہیں۔انہوں نے عالمی کپ میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے اب تک کے کھیل کو بھی سراہا اور کہا کہ عالمی کپ میں ان دونوں کے چانسز بھی کافی روشن ہیں۔ پاکستان کی ٹیم کے کھلاڑی پہلے مرحلے سے عالمی کپ سے باہر ہونے کے بعد اپنے گھروں میں چھٹیاں منا رہے ہیں جبکہ کچھ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ شاہد خان آفریدی حال ہی میں اپنے بینک کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن کا میچ کھیل کر اپنے گاؤں میں چھٹیاں منا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گاؤں میں وہ عالمی کپ کے میچز دیکھ تو نہیں رہے لیکن نتائج پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فائنل میں مقابلہ آسٹریلیا اور سری لنکا یا آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو سکتا ہے۔  | شاہد آفریدی کی فیورٹ ٹیم  ایک تو سری لنکا ایشین ملک ہے، دوسرا سری لنکا کے کھلاڑی اپنے کپتان کی سربراہی میں اس عالمی کپ میں زبردست کھیل پیش کر رہے ہیں اور اگر سری لنکا اور آسٹریلیا کا سیمی فائنل میں ٹکراؤ نہیں ہوا تو فائنل میں ان دونوں کے آمنے سامنے ہونے کے کافی امکانات ہیں۔  شاہد آفریدی |
شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ سری لنکا کے حق میں ہیں، ایک تو سری لنکا ایشین ملک ہے، دوسرا سری لنکا کے کھلاڑی اپنے کپتان کی سربراہی میں اس عالمی کپ میں زبردست کھیل پیش کر رہے ہیں اور اگر سری لنکا اور آسٹریلیا کا سیمی فائنل میں ٹکراؤ نہیں ہوا تو فائنل میں ان دونوں کے آمنے سامنے ہونے کے کافی امکانات ہیں۔لیگ سپنر دانش کنیریا بھی آسٹریلیا کے ساتھ سری لنکا کے فائنل میں پہنچنے کی پیش گوئی کرتے ہیں۔ دانش کنیریا نے کہا کہ آسٹریلیا تو پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے لیکن سری لنکا کی ٹیم جو کافی متوازن ہے اس نے بھی لاجواب کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم کے وکٹ کیپر کامران اکمل آسٹریلیا کے علاوہ نیوزی لینڈ کو فائنل کے لیے فیورٹ قرار دیتے ہیں۔ آل راؤنڈر شعیب ملک سری لنکا اور آسٹریلیا کے فائنل میں پہنچنے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔ شعیب ملک کے مطابق وہ عالمی کپ میچز کے نتائج کے بارے میں تو آگاہ ہیں لیکن ان کی دلچسپی عالمی کپ دیکھنے میں بہت کم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی کپ کے میچز دیکھ کر انہیں دکھ ہوتا ہے کہ ہم ان میں نہیں اور بہت مایوسی کا شکار ہوتے ہیں۔ اوپنگ بیٹسمین محمد حفیظ تو عالمی کپ کے پہلے مرحلے سے ہی اپنی ٹیم کے نکلنے پر اتنے دل گرفتہ ہیں کہ وہ نہ تو عالمی کپ کے میچز دیکھ رہے ہیں اور نہ ہی نتائج پر کوئی ان کی کوئی توجہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی اس ناکامی پر بہت مایوس ہیں، انہیں اسقدر افسوس ہے کہ وہ چند منٹ سے زیادہ میچ نہیں دیکھ پا رہے، ان سے برداشت نہیں ہوتا کہ وہ ان دنوں عالمی کپ کا حصہ نہیں۔ میڈیم پیس بالر راؤ افتخار کے جذبات بھی محمد حفیظ سے ہی ملتے جلتے ہیں۔ البتہ فائنل میں کون سے ٹیم پہنچے گی اس کی بابت ان کی رائے تھی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا۔ |