 | | | باب کو قاتلوں کے بارے میں معلوم رہا ہوگا: پولیس |
جمیکا میں ’قتل‘ کیے جانے والے پاکستانی کرکٹ کوچ باب وولمر کی فیملی نے کہا ہے کہ وہ اس بات سے لاعلم تھے کہ ان کی جان کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔ ایک بیان میں باب وولمر کی فیملی نے کہا کہ انہیں میچ فِکسنگ میں باب وولمر کے ملوث ہونے کے بارے میں کچھ نہیں معلوم جس کے بارے میں ذرائع ابلاغ قیاس آرائیاں کررہے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ان کے گھر پر باب وولمر کی بیوہ گِل اور ان کے دونوں بیٹوں ڈیل اور رسیل کی موجودگی میں وولمر کے ایجنٹ مائکل کوہن نے نامہ نگاروں کو ایک بیان ریلیز کیا۔اس بیان کے مطابق جہاں تک باب وولمر کی فیملی کو معلوم ہے، ’بلاشبہ اس طرح کی کوئی چیز نہیں ہے جس سے باب کے میچ فِکسنگ میں ملوث ہونے کا اشارہ ملتا ہو۔‘ ’رپورٹوں کے برعکس، ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ کوئی ایسی چیز کسی بھی کتاب میں نہیں جو باب نے لکھا ہے جس سے ان حالات کی تشریح ہو، اور نہ ہی کوئی دھمکیاں ملی تھیں۔‘ جمیکا کی پولیس کا کہنا ہے کہ باب وولمر کے ’قتل‘ میں ایک سے زیادہ افراد ملوث ہوسکتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ باب وولمر کو اپنے قاتل یا قاتلوں کے بارے میں معلوم رہا ہوگا۔ ذرائع ابلاغ میں ایسی رپورٹیں چل رہی ہیں کہ باب وولمر ایک کتاب لکھ رہے تھے جس کا مقصد کرکٹ میچوں میں غیرقانونی سٹے بازی کا انکشاف کرنا تھا۔
|