مناء رانا بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور |  |
 | | | شعیب اختر نے سنیچر کو قذافی سٹیڈیم میں فٹ نس کی بحالی کے لیے ٹرینگ کا آغاز کیا |
جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح کی بنیاد ڈالنے والے ان فٹ فاسٹ بالر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ وہ چند دن تک مکمل فٹ ہو جائیں گے لیکن ان کی نظریں اب جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز پر نہیں بلکہ عالمی کپ پر ہیں۔ شعیب اختر نے سنیچر کو قذافی سٹیڈیم میں فٹ نس کی بحالی کے لیے ٹرینگ کا آغاز کیا۔ شعیب اختر نے جاگنگ کرتے ہوئے قذافی سٹیڈیم کے گراؤنڈ کے چار چکر لگائے اور پھر نیشنل اکیڈمی لاہور کے جم میں آدھا گھنٹہ ورزش کی۔ شعیب اختر کے مطابق ان کی انجری معمولی نوعیت کی ہے اور وہ بہت جلد فٹ نس حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ میں جنوبی افریقہ تکلیف ساتھ لے کر گیا تھا۔ جنوبی افریقہ میں ان فٹ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ وہاں کے گراؤنڈ کی سطح کافی سخت تھی اور اگر میچ سے پہلے وہاں پریکٹس ملتی تو ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں ٹیم کے ہمراہ جنوبی افریقہ بھیجا جاتا تو وہ وہاں کے حالات سے مطابقت پیدا کر سکتے تھے جس سے انجری کا خطرہ کم ہو سکتا تھا۔ نیشنل اکیڈمی کے غیر ملکی ٹرینر گرانٹ کامپٹن کے مطابق شعیب اختر کی تکلیف شدید نوعیت کی نہیں ہے اور وہ بہت جلد فٹ ہو جائیں گے۔ |