 | | | ڈیرل ہیئر کو چیمپیئنز ٹرافی میں امپائرنگ نہیں کرنے دیا گیا |
آئی سی سی نے ان اطلاعات پر کچھ کہنے سے انکار کردیا ہے کہ وہ سنیچر کو متنازع امپائر ڈیرل ہیئر کی اپنے پینل سے برطرفی کے فیصلے کا اعلان کرنے والی ہے۔ جمعہ کے روز خبررساں ایجنسیوں نے ایسی اطلاعات ریلیز کی تھیں کہ آئی سی سی یعنی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ڈیرل ہیئر کی برطرفی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ خبررساں ایجنسیوں نے آئی سی سی کے ایک اہلکار کے حوالے سے ان کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے یہ بتایا تھا کہ سنیچر کو ڈیرل ہیئر کی امپائروں کے پینل سے برطرفی کے فیصلے کا اعلان کردیا جائے گا۔ اس طرح کی اطلاع ایک انڈین ٹی وی نے بھی نشر کی تھی لیکن آئی سی سی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سنیچر تک کسی فیصلے کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ اگست اوول کے میدان پر انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان چوتھے ٹیسٹ میں میچ بال ٹیمپرِنگ کے واقعے کے بعد سے ڈیرل ہیئر بطور امپائر متنازعہ ہوگئے ہیں۔ اس واقعے میں پاکستان کے کپتان پر بال ٹیمپرِنگ کا الزام غلط پایا گیا تھا لیکن ان پر کرکٹ کو بدنام کرنے کے الزام میں پابندی لگادی گئی تھی۔
|