آصف اور رانا ٹیم میں واپس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے دو فاسٹ بالرز محمد آصف اور رانا نویدالحسن کو انگلینڈ کےخلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شمولیت کے لیئے انگلینڈ بلا لیا ہے۔ رانا نوید نے کہا کہ اگرچہ انہیں ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی نمائندگی نہ کرنے کا افسوس ہے لیکن وہ خوش ہیں کہ صحت یاب ہو کر ایک روزہ سیریز کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شمولیت کے لیے انگلینڈ جا رہے ہیں۔ محمد آصف جو اوول ٹیسٹ سے پہلے ہی فٹ ہو گئے تھے لیکن انگلینڈ میں پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ نے انہیں اوول ٹیسٹ کے لیے بلوانا ضروری نہیں سمجھا لیکن اب وہ ایک روزہ سیریز میں شرکت کے لیئے جا رہے ہیں۔ رانا نوید نے ہفتے کو نیٹ پریکٹس میں لگاتار دس اوورز کروائے اور اتوار کو مقامی کلب کے خلاف میچ میں چھ اوورز کروائے۔ رانا نوید کے مطابق انہیں بالنگ کرواتے ہوئے کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہوئی اور وہ مکمل طور پر فٹ ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ہماری کوشش ہو گی کہ اپنی ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور ایک روزہ سیریز میں پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کریں‘۔
رانا نوید کے مطابق انہیں ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی ہار کا بہت دکھ ہے ’ہمیں امید ہے کہ ہم ایک روزہ سیریز جیت کراس شکست کا بدلہ اتار دیں گے۔ محمد آصف کا کہنا ہے کہ اصل کرکٹ تو ٹیسٹ کرکٹ ہوتی ہے اور اس میں کھلاڑی اپنی صلاحیت کا بھر پور مظاہرہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کا کوئی میچ بھی نہ کھیل سکنے کا ان کو افسوس ہے لیکن ان کی کوشش ہو گی کہ وہ ایک روزہ سیریز میں اپنی تمام تر صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو فتح دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ محمد آصف نے کہا کہ ’ہماری ٹیم بہت اچھی ہے اور ہم ون ڈے سیریز جیت کر ٹیسٹ سیریز میں ہار کا داغ دھو دیں گے‘۔ دونوں کھلاڑی اتوار اور پیر کی درمیانی شب انگلینڈ روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کرسکیں گے۔ | اسی بارے میں شعیب اختر دیہاتی ٹیم میں05 August, 2006 | کھیل پاکستان ٹیم ہر شعبے میں ناکام: تبصرہ09 August, 2006 | کھیل غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا: وولمر09 August, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||