ہیڈنگلے: ’ اطمینان سے کھیلنا ہوگا‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ لیڈز کےگراؤنڈ ہیڈنگلے میں کھیلا جا رہا ہے۔ انگلینڈ کو اس سیریز میں پاکستان پر ایک میچ کی برتری حاصل ہے اور اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں اننگز کی شکست کے بعد پاکستانی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔ اوپنر عمران فرحت کے زخمی ہونے کے بعد پاکستان ہیڈنگلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیسری اوپننگ جوڑی آزمائے گا اور پاکستان ٹیم کے مینیجر ظہیر عباس کے مطابق توفیق عمر، عمران فرحت کی جگہ لیں گے۔ ہیڈنگلے کی وکٹ کے بارے میں پاکستانی کوچ باب وولمر کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج تک لیڈز میں جتنی پچیں دیکھی ہیں یہ ان سے بہتر پچ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ’ یہ خاصی خشک ہے اور ایسا نہیں لگتا کہ یہاں ویسا باؤنس ہوگا جیسا ہمیں اولڈ ٹریفورڈ میں ملا تھا۔ تاہم ہمیں ہر قسم کی پچ پر کھیلنے کے لیئے تیار ہونا چاہیئے اور ہمیں یہ جلد سیکھنا ہوگا‘۔ پاکستان ٹیم ممکنہ طور پر اس ٹیسٹ میں پانچ ریگولر بلے بازوں، چار تیز بالروں اور ایک سپن بالر کے ہمراہ اترےگی۔ ہیڈنگلے کی وکٹ تیز بالروں کے لیئے مددگار ہوتی ہے اور اس صورت میں پاکستانی مینجمنٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق یا شاہد آفریدی کو باہر بٹھا کر شاہد نذیر یا سمیع اللہ نیازی کو موقع دے سکتی ہے۔ شاہد آفریدی کی کارکردگی پر پاکستانی ٹیم کے مینیجر بھی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں اور بی بی سی اردو سروس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ’ اب وقت آ گیا ہے کہ آفریدی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ اسے ٹیم کے مفاد کو اپنی ذاتی کارکردگی رپ ترجیح دینا ہوگی اور جب وہ ایسا سوچنا شروع کر دے گا تو اس کی کارکردگی خودبخود بہترہو جائے گی‘۔ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن کی غیر مستقل کارکردگی پر ظہیر عباس نے کہا کہ’ کھلاڑیوں کو اطمینان سے کھیلنا ہوگا، وکٹیں بچانا ہوں گی اور آف سٹمپ سے باہر جانے والی گیندوں کو بھی کھیلنے سے پرہیز کرنا ہوگا۔ اگر وہ اپنی غلطیاں سدھار لیں گے تو یقیناً بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے‘۔ ہیڈنگلے میں کھیلے جانے والے گزشتہ سات ٹیسٹ میچ نتیجہ خیز رہے ہیں تاہم پاکستان اپنے آٹھ میچوں میں صرف ایک مرتبہ 1987 میں اس گراؤنڈ پر فتح یاب ہوا ہے جب دوسری اننگز میں عمران خان کی سات وکٹوں کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو ہرا یا تھا۔ | اسی بارے میں ’اوپننگ میں تجربات بند کریں‘02 August, 2006 | کھیل آصف کے اوول میں کھیلنے کا امکان31 July, 2006 | کھیل اولڈ ٹریفورڈ: انگلینڈ کی مکمل برتری27 July, 2006 | کھیل ’شاہد آفریدی اوپننگ بیسٹمین ہو‘21 July, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||