ان فِٹ کھلاڑی افسردہ ہیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ان فٹ کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف سیریز نہ کھیل سکنے سے بہت افسردہ ہیں اور بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ وہ جلد از جلد فٹ ہو کر انگلینڈ جا کر پاکستان کی ٹیم کی نمائندگی کر سکیں۔ فاسٹ بولر محمد آصف کا کہنا ہے کہ شعیب اختر کے ان فٹ ہونے کے بعد ساری قوم کی نظریں ان پر لگی تھیں اور ایسے وقت میں ان فٹ ہونے کا انہیں بہت دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ جلد سے جلد فٹ ہو کر کم از کم آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم کو اپنی خدمات دے سکیں۔ محمد آصف کی دائیں بازو کی کہنی میں کینٹربری کے خلاف بولنگ کراتے ہوئے جھٹکا لگنے سے تکلیف ہو گئی تھی۔ انہیں انگلینڈ میں ہی’ کورٹی زون‘ کا ٹیکہ لگایا گیا لیکن اس سے افاقہ نہیں ہوا۔ محمد آصف کا کہنا ہے انجیکشن صحیح جگہ نہیں لگا تھا اور ان کی کہنی مزید سوج گئی تھی جس کے بعد انہیں آرام کرنے کے لیے پاکستان بھیج دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے معالج کی ہدایت کے مطابق ورزش کر رہے ہیں اور ان کی تکلیف میں کافی بہتری آ گئی ہے اور ایک ہفتے کے بعد وہ بالنگ کرائیں گے۔ محمد آصف نے کہا کہ اگر بولنگ کرانے سے انہیں تکلیف نہ ہوئی تو امید ہے کہ وہ چوتھا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے فٹ ہو جائیں۔ کہنی ہی کی تکلیف میں مبتلا پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ان کی کہنی کی تکلیف سے زیادہ انہیں اس بات کی تکلیف ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے۔
شعیب ملک نے کہا کہ گلاسکو کے خلاف میچ میں انہوں نے دس اوورز پھینکے تھے اور بولنگ کرواتے ہوئے ان کی کہنی کی تکلیف پھر عود آئی ۔ شعیب ملک کا بھی یہی کہنا ہے کہ کورٹی زون کے انجیکشن سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ ان کا کہنا تھا ہے کہ اس انجیکشن سے ان کی تکلیف میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شعیب ملک دو تین روز تک ورزش شروع کر رہے ہیں اور بہت بے چین ہیں کہ جلد سے جلد فٹ ہو کر پاکستان کے لیے کھیل سکیں۔ پاکستان کی ٹیم کے ایک اور ان فٹ فاسٹ بولر رانا نوید الحسن نے آرام کے بعد ہلکی پھلکی ورزش کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلکی ورزش سے تو انہیں گروئن کی تکلیف محسوس نہیں ہوئی اگر دوڑتے ہوئے بھی انہیں تکلیف نہ ہوئی تو یہ ان کے لیے ایک اچھا شگون ہوگا۔ دوسری صورت میں آپریشن کروانا ناگزیر ہو جائےگا۔ رانا نوید بھی انگلینڈ کے خلاف نہ کھیل سکنے پر کافی رنجیدہ ہیں۔ | اسی بارے میں رانا نوید الحسن بھی ان فٹ ہو گئے15 June, 2006 | کھیل شعیب اختر فٹنس کے قریب تر21 July, 2006 | کھیل زخمی شعیب کی جگہ شاہد نذیر08 June, 2006 | کھیل فٹ نس کیمپ میں 21 کھلاڑی شامل18 May, 2006 | کھیل دو کھلاڑی انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ15 July, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||