’رونالڈو میں اب وہ بات نہیں رہی‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کروشیا کے خلاف میچ میں برازیل کے سٹرائیکر رونالڈو کی کارکردگی پر دنیائے فٹبال میں حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس میچ میں رونالڈو کی کارکردگی جہاں غیر متاثرکن رہی وہیں ان کے کھیل میں اس پھرتی کی بھی کمی نظر آئی جس کے لیئے وہ مشہور ہیں اور شاید یہی وجہ تھی جس کی بنا پر انہیں کھیل کے انہترویں منٹ میں تبدیل کر دیا گیا۔ کروشیا کے دفاعی کھلاڑی رابرٹ کوویک کا کہنا ہے کہ انہیں حیرت ہے کہ رونالڈو میچ کے دوران کسی موقع پر بھی کروشیا کے لیئے خطرناک ثابت نہیں ہو سکے۔ کوویک کا کہنا تھا کہ’میں نہیں جانتا کہ انہیں کیا ہو گیا ہے۔ وہ بالکل نہیں دوڑے اور ہماری نظروں کے سامنے ہی رہے۔ ایسا لگتا تھا کہ وہ بہت تھکے ہوئے ہیں۔ میچ کے دوران انہوں نے بمشکل ہی گیند کو چھوا ہوگا‘۔ کویک کے خیال میں اس میچ میں رونالڈو کے خلاف کھیلنا بہت آسان تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ’ میں ماضی میں بھی ان کے خلاف کھیل چکا ہوں اور وہ بہت مشکل کام تھا۔ اب نہ جانے انہیں کیا ہوگیا ہے‘۔ اس عالمی کپ کے آغاز سے قبل بھی رونالڈو کے بڑھتے وزن اور ان کی رفتار میں کمی کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم برازیل کے کوچ البرٹو پریرا کا کہنا ہے کہ’اگرچہ رونالڈو کی کارکردگی پہلے جیسی متاثر کن نہیں ہے لیکن وہ اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کھیلیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ’ رونالڈو گزشتہ دو ماہ سے فٹبال سے دور ہے اور اس دوران اس نے صرف دو دوستانہ میچوں میں شرکت کی ہے۔ اس لیئے یہ قدرتی بات ہے کہ اسے ردھم میں آنے میں دشواری ہو رہی ہے اور یہاں گرمی بھی کافی ہے۔ تاہم مجھے یقین ہے کہ جیسے جیسے مقابلے آگے بڑھیں گے اس کی کارکردگی بہتر ہوتی جائے گی‘۔ کروشیا کے خلاف برازیل کا فیصلہ کن گول کرنے والے سٹرائیکر کاکا کا کہنا ہے کہ’رونالڈو کہتے ہیں کہ وہ ابھی فٹنس کی معراج پر نہیں ہیں چنانچہ ہمیں ان کی کارکردگی میں بہتری کا انتظار کرنا چاہیئے۔ ان کی کارکردگی میں ذرا سی بہتری انہیں ایک بہترین کھلاڑی بنا دے گی‘۔ | اسی بارے میں فٹبال عالمی کپ کا چھٹا دن14 June, 2006 | کھیل برازیل اور کوریا فاتح، فرانس برابر13 June, 2006 | کھیل کلکتہ والے برازیل کے حمایتی کیوں؟13 June, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||