میکسیکو،ہالینڈ اور پرتگال فاتح | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فٹبال کے عالمی کپ کے تیسرے دن پرتگال، میکسیکو، اور ہالینڈ نے میچ جیت لیے۔ پرتگال اور افریقی ملک انگولا کے درمیان کولون میں کھیلا جانے والا دن کا آخری میچ پرتگال نے ایک صفر کی برتری سے جیت لیا۔ میچ کے چوتھے منٹ میں پرتگال ایک گول کی برتری حاصل کر لی جو آخری وقت تک قائم رہی۔ مجموعی طور پر پرتگال کی ٹیم میچ پر چھائی رہی اور کپتان فیگو اور نوجوان فارورڈ کرسٹین رونالڈو نے شاندار کھیل پیش کیا۔انگولا کے گول کیپر نے کئی یقینی گول بچائے۔ اس سے قبل پہلے دو میچوں میں ہالینڈ نے سربیا اینڈ مونٹی نیگرو کو جبکہ میکسیکو نے ایران کو شکست دی۔ ایران اور میکسیکو کے درمیان ہونے والے میچ میں میکسیکو نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے فتح حاصل کی۔ میچ کا پہلا گول میکسیکو کے براوو نے کھیل کے اٹھائیسویں منٹ میں کیا جسے ایران کے گل محمدی نے چھتیسویں منٹ میں برابر کر دیا۔ میکسیکو کی جانب سے دوسرا گول براوو نے ہی کھیل کے دوسرے ہاف کے چھہترویں منٹ میں کیا جس کے تین منٹ بعد ہی انٹونیو زنہا نے میکیسکو کے لیئے تیسرا گول کر کے فتح کو یقینی بنا دیا۔ اس سے قبل لپزگ کے زنٹرال سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں ہالینڈ نے سربیا اینڈ مونٹی نیگرو کو ایک گول سے شکست دی۔ یہ گول ہالینڈ کے فارورڈ آئن روبن نے کھیل کے اٹھارویں منٹ میں کیا۔
کھیل کے پہلے ہاف میں ہالینڈ کی ٹیم بہتر کھیلی تاہم دوسرے ہاف میں سربیا مونٹی نیگرو کے کھلاڑی کھیل میں واپس آئے اور انہوں نے مخالف گول پر کئی حملے کیئے تاہم وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔ میچ کے دوران ہالینڈ کے کیپر وین ڈی سار نے عمدہ کھیل کا مظاہر کیا اور کئی یقینی گول بچائے۔ گروپ سی کا یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیئے انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور ہالینڈ کو اس میچ کے لیئے فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا۔ میچ کے دوران ہالینڈ کی ٹیم کا انحصار اپنے فارورڈ کھلاڑیوں وین نسٹل رائے اور آئن رابن پر رہا۔ ہالینڈ اور سربیا ایسی ٹیمیں ہیں جنہوں نے عالمی فٹبال کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کوئی میچ نہیں ہارا اور ہالینڈ کی ٹیم اپنےگزشتہ تیرہ بین الاقوامی میچوں میں بھی ناقابلِ شکست رہی ہے۔ یاد رہے کہ گروپ سی کے پہلے میچ میں ارجنٹائن نے آئیوری کوسٹ کو شکست دی تھی اور اب ابتدائی میچوں کے بعد ارجنٹائن اور ہالینڈ کے تین تین پوائنٹس ہیں۔ سربیا اینڈ مونٹی نیگرو کی ٹیم: جروک، ڈریگوٹینووک،گیورینکک،نناد جارجوک، کراسجک، دلجاج، سٹینکووک، پریڈریگ جارجوک، ناج، کیزمین، ملاسووچ ہالینڈ کی ٹیم: وین ڈر سار،ہیٹنگا، میتھجسن، اوئجر، وین براک ہرسٹ،سنائڈر، وین بومل، کو کو، وین پرسی، وین نسٹل رائے، رابن۔ میکسیکو کی ٹیم: سانچیز، سالسیڈا، مینڈیز، اوسریا، پنیڈا، مارکیوز ٹوراڈو، پارڈو، فرانکو، بورگیٹی، براوو۔ ایران کی ٹیم: ابراھيم ميرزاپور، حسين کعبی، رحمان رضائی، يحيی گل محمدی، محمد نصرتی، جواد نیکونام، آندرانيک تيموريان، مہدی مہدویکيا، علی کريمی، وحيد ھاشميان، علی دائی۔ | اسی بارے میں ارجنٹائن، انگلینڈ فاتح،سویڈن برابر10 June, 2006 | کھیل ورچوئل ریپلے ۔ پولینڈ بمقابلہ ایکواڈور09 June, 2006 | کھیل افتتاحی میچ میں جرمنی کی فتح09 June, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||